کینیڈین گلوکار گانے کی ویڈیو ریکارڈنگ کے دوران طیارے سے گر کر ہلاک

گلوکار طیارے سے چھلانگ لگا کر فضاء میں کرتب دکھانے کے ماہر تھے

گلوکار فضاء میں طیارے سے چھلانگ لگا کر کرتب دکھانے کے ماہر تھے۔ فوٹو : ٹویٹر

کینیڈا کے پوپ گلوکار جان جیمس اپنے گانے کی ویڈیو ریکارڈنگ کے دوران طیارے سے گر کر ہلاک ہوگئے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق کینیڈا کے 34 سالہ گلوکار جان جیمس اپنے ایک گانے کی ویڈیو ریکارڈنگ کے لیے اڑتے ہوئے طیارے کے ایک بازو پر کھڑے تھے۔ اس اسٹنٹ کے لیے انہوں نے خصوصی تربیت بھی حاصل کی ہوئی تھی تاہم گلوکار اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور طیارے سے گر کر ہلاک ہوگئے۔


گانے کی عکس بندی کے لیے گلوگار کو لینڈ کرتے ہوئے ایک چھوٹے طیارے کے بازو پر چند قدم چلنا تھا تاہم گلوکار طیارے کے پر پر چلتے ہوئے کافی آگے چلے گئے اور توازن برقرار نہ رکھ سکے۔ گلوکاری سے قبل جان جیمس فضاء سے چھلانگیں لگانے کے ماہر تھے۔

جان جیمس نے آسمان سے چھلانگیں لگا کر پیراشوٹ کے ذریعے زمین پر اترنے کے کئی کرتب دکھائے تھے تاہم ایک حادثے میں ریڑھ کی ہڈی اور پاؤں کے تلوؤں کے بری طرح زخمی ہونے کے بعد اس مشغلے کو خیرباد کہہ کر گلوکاری کے شعبے میں طبع آزمائی کا آغاز کیا تھا۔
Load Next Story