متحدہ جلد حکومت میں شامل ہوجائے گی پی پی ذرائع

بیک ڈورچینل مذاکرات میں کافی پیش رفت ہوگئی،پیپلزپارٹی کاوفدآج نائن زیروجائے گا

بیک ڈورچینل مذاکرات میں کافی پیش رفت ہوگئی،پیپلزپارٹی کاوفدآج نائن زیروجائے گا۔ فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کے اہم ذرائع نے دعویٰ کیاہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت سے بیک ڈورچینل کے ذریعے ہونے والے مذاکرات میں کافی حدتک اہم امورپرپیش رفت ہوگئی ہے اورایم کیوایم سندھ حکومت میں شامل ہوجائے گی ۔

ذرائع کے مطابق ان مذاکرات میں سابق وزیرداخلہ رحمنٰ ملک اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے خصوصی کردارادا کیااور دونوں جماعتوں کی قیادت میں بیک ڈورچینل سے ہونے والے مذاکرات 15 روز سے جاری تھے،ایم کیوایم نے پیپلزپارٹی کی قیادت پر واضح کیاہے کہ کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف بھرپورقانونی کارروائی کی جائے ،کراچی سے بھتہ خوری کے خاتمے سمیت قیام امن کیلیے جامع اقدامات کیے جائیں۔




سندھ حکومت صوبے میں جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کی تاریخ کا اعلان کرے اور بلدیاتی ملازمین کی تنخواہوں کامسئلہ حل کیاجائے جبکہ ایم کیوایم کے خلاف غیر اعلانیہ آپریشن بند کیاجائے اورکراچی ، حیدرآباد سمیت دیگر اضلاع میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے ترقیاتی پیکجزاورمنصوبوں میں اضافہ کیاجائے،ان امور سمیت اہم معاملات پر دونوں جماعتوں میں کافی حدتک اتفاق ہوگیا۔پیپلز پارٹی کی قیادت نے ایم کیوایم کو یقین دہانی کرادی ہے کہ ان کے تمام تحفظات اورامورکومرحلہ وار حل کیاجائیگا۔ایم کوایم کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد پیپلزپارٹی کاوفدآج (اتوار کو)باضابطہ مذاکرات کے لیے نائن زیرو آئے گا۔

پیپلزپارٹی کے وفدمیں رحمٰن ملک اور دیگر رہنماشامل ہوں گے ۔ پیپلزپارٹی کا وفد ایم کوایم کی مذاکراتی ٹیم کو باضابطہ طورپرسندھ حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دے گا۔اگرایم کیوایم سندھ حکومت میں شامل ہوگی توسندھ کابینہ میں ایم کیوایم کے5سے6وزرااور 2 مشیرشامل کیے جائیں گے۔ایم کیوایم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سندھ حکومت میں شمولیت سے قبل کراچی میں امن وامان کے قیام کے حوالے سے سخت اقدامات کی خواہش مندہے،ایم کیو ایم کے رہنما مستقبل میں مکمل اختیارات کے بغیر حکومت میں شامل ہونے پر اپنے تحفظات سے بھی پی پی کے رہنمائوں کو آگاہ کریں گے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی میں مذاکرات کامیاب ہوجائیںگے۔

Recommended Stories

Load Next Story