سرکاری ملازمین کی تنخواہ 50 فیصد بڑھائی جائے طاہر القادری

اشیائے خورونوش 20تا 40فیصد مہنگی ہوگئیں،تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا عوام کے ساتھ بڑا ظلم ہے

جی ایس ٹی میں اضافہ عام آدمی کے لیے مزید مشکلات پیدا کریگا،سربراہ عوامی تحریک۔ فوٹو: فائل

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹرمحمدطاہرالقادری نے کہا ہے کہ چاہیے تو یہ تھا کہ گریڈ 1 سے 16تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50فی صد اضافہ کر کے انھیں ریلیف دیا جاتا مگر حکومت نے سرے سے تنخواہ میں اضافہ نہ کرکے اور تنخواہوں پرٹیکس بڑھا کر غریب اورمتوسط طبقے کو ہوشربا مہنگائی کے رحم وکرم پرچھوڑدیا ہے ۔

اشیائے خوردنوش 20سے 40فی صد مہنگی ہوگئی ہیں،ان حالات میں تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا عوام کے ساتھ بڑا ظلم ہے۔انھوں نے کہاکہ غریب اور متوسط طبقے پربوجھ بڑھاکراشرافیہ کے لیے لگثرری گاڑیوں پرٹیکس کم کردیاگیا ہے تعلیم اورصحت کے شعبوں کو بجٹ میں نظراندازکرنا بھی عوام کی مشکلات میں اضافہ کرنا ہے حج اخراجات میں اضافہ کرکے مذہبی فریضہ کی ادائیگی کو مشکل بنادیاگیا جبکہ پڑوسی ملک میں حکومت مسلمانوںکواس حوالے سے سہولت دیتی ہے ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے بجائے اس کی شرح بڑھادی گئی ہے۔




جی ایس ٹی میں اضافہ عام آدمی کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گا۔ بیروزگاری کے خاتمے کے لیے کوئی مربوط پلان نہیں دیا گیا بجٹ خسارے پر قابو پانے کے لیے کوئی اقدام تجویزنہیں کیاگیا ۔ٹیکس، بجلی اور گیس چوری روکنے کے لیے کوئی پلان بجٹ میں شامل نہیں ۔قرضوں پرانحصار ختم کر نے کے لیے بھی کوئی اقدام تجویزنہیں کیاگیا۔

Recommended Stories

Load Next Story