افغانستان میں فوجی آپریشن کے دوران 17 شہریوں کی ہلاکت پر احتجاج

لواحقین نے میتوں کو طورخم شاہراہ پر رکھ کر احتجاج کیا جس کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی

فوجی آپریشن میں 17 شہری ہلاک ہوگئے تھے۔ فوٹو : افغان میڈیا

افغانستان کے صوبے ننگرہار میں نیشنل سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 17 شہریوں کی ہلاکت پر اہل خانہ نے میتیں مرکزی شاہراہ پر رکھ کر احتجاج کیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نیشنل سیکورٹی فورسز نے گزشتہ شب ننگرہار صوبے کے ضلع رودات میں آپریشن کیا جس کے دوران بچوں اور خواتین سمیت 17 شہری ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاندان کے 7 افراد بھی شامل ہیں۔


گزشتہ شب نیشنل سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران تین گھروں پر دھاوا بول دیا اوراندھا دھند فائرنگ کر کے 2 خواتین، 3 بچوں، 5 بزرگوں اور 2 مہمانوں کے علاوہ 3 نوجوانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

لواحقین نے میتوں کو طورخم شاہراہ پر رکھ کر شدید احتجاج کیا جس کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی۔ مقامی رہنماؤں نے سیکیورٹی فورسز کو غلط معلومات فراہم کرنے والے انٹیلی جنس اہلکاروں کو قانون کی گرفت میں لانے کا مطالبہ کیا۔

گورنر ننگرہار کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع رودات میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا تھا۔ شہریوں کے جانی نقصان کی اطلاعات پر تفتیشی ماہرین کو بھیجا گیا ہے جو تحقیقات مکمل کرکے گورنر کو رپورٹ پیش کریں گے۔
Load Next Story