فکسنگ اسکینڈل ماضی کے 2 ’’عظیم بیٹسمینوں‘‘ کی انو بھٹ سے دوستی کا انکشاف

آئی سی سی کی ہدایت پر پی سی بی نے کھلاڑیوں کودور رہنے کا کہا تھا،ذرائع

آئی سی سی کی ہدایت پر پی سی بی نے کھلاڑیوں کودور رہنے کا کہا تھا،ذرائع۔ فوٹو: فائل

ماضی کے 2 ''عظیم بیٹسمینوں'' کی بھی انوبھٹ سے دوستی رہنے کا انکشاف ہوا ہے۔

سابق ٹیسٹ لیگ اسپنر دانش کنیریا کو کرپشن کی دلدل میں پھنسانے والے مبینہ بکی انو بھٹ کے چند دیگر پاکستانی کرکٹرز سے بھی قریبی تعلقات رہے ہیں، ذرائع نے بتایاکہ ماضی کے 2 ''عظیم بیٹسمینوں'' کی انو سے بہت اچھی دوستی تھی اور وہ اس کے ساتھ گھومتے پھرتے بھی رہتے تھے، اس نے انھیں کئی بار تحائف بھی دیے، وہ پاکستان میں ہونے والے انٹرنیشنل میچز دیکھنے بھی آتا تھا،2007 کے دورئہ بھارت میں ایک بار انو بھٹ نے عشائیہ دیا جس میں آدھی پاکستانی ٹیم شریک ہوئی۔


ذرائع نے مزید بتایا کہ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے پی سی بی کو انوبھٹ کی مشکوک سرگرمیوں سے آگاہ کیا تھا، حکام کی ہدایت پر پلیئرز اس سے دور ہوئے مگر دانش کنیریا کا تعلق برقرار رہا، سابق اسپنر دعویٰ کرتے ہیں کہ انھیں بورڈ کے ہی ایک افسر نے انو بھٹ سے ملوایا تھا جو ہمیشہ سے اس الزام کو مسترد کرتے چلے آئے ہیں۔

واضح رہے کہ دورئہ پاکستان کے دوران انوبھٹ کی پی سی بی کے ایک اور افسر کے ساتھ تصاویر بھی زیرگردش رہی تھیں، انو بھٹ کے کہنے پر ہی دانش کنیریا نے انگلش کائونٹی کرکٹرز کو فکسنگ کی جانب راغب کیا، اس کیس کی وجہ سے ان پر تاحیات پابندی عائد ہوئی، وہ ہمیشہ الزام کو مسترد کرتے رہے مگر حال ہی میں الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو میں اعتراف جرم کر لیا ہے۔
Load Next Story