
سیف علی خان کو بالی ووڈ میں 25 سال ہوگئے ہیں اور یہ عرصہ کسی بھی شعبے میں اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے کافی ہوتا ہے، سیف علی خان کے ساتھ کیریئر شروع کرنے والے دیگر اداکار شاہ رخ خان اور اکشے کمار وغیرہ کو آج اداکاری کا کنگ ماناجاتاہے تاہم سیف علی خان کو 25 سال بعد احساس ہوا ہے کہ ان کی اداکاری میں اب جاکے بہتری آرہی ہے۔
اپنی اداکاری کے حوالے سے سیف علی خان کا کہنا تھا کہ میں بہت لیٹ لطیف ہوں، میری اداکاری اب جاکے بہتر ہورہی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ جیسے جیسے میری عمر بڑھ رہی ہے میری اداکاری بھی نکھرتی جارہی ہے اور اب مجھے زیادہ بہتر انداز میں سمجھ آرہا ہے کہ مجھے کیا کرناچاہئے اور کیا نہیں۔
واضح رہے کہ سیف علی خان کی فلم ''بازار'' کے حال ہی میں ریلیز ہونے والے ٹریلر میں ان کی اداکاری کو بے حد سراہا جارہا ہے، فلم میں سیف نے گجراتی بزنس مین کا کردار نبھایا ہے، فلم ''بازار'' 26 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔