کشمیرکبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں رہا وزیرخارجہ

مسئلہ کشمیرکےحل کے بغیر پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی ختم نہیں ہوسکتی، شاہ محمود قریشی


ویب ڈیسک October 25, 2018
مسئلہ کشمیرکےحل کے بغیر پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی ختم نہیں ہوسکتی، شاہ محمود قریشی فوٹو:فائل

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیرکی آج بھی 80 فیصد آبادی مسلم ہے اور یہ وادی کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں رہی۔

اسلام آباد میں منعقدہ کشمیر سے متعلق سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پچھلے 70 سالوں میں نہتے کشمیریوں پرظلم وستم کے پہاڑ توڑے گئے، تحریک آزادی میں کشمیرکی کئی نسلوں کاخون شامل ہے، بھارت کا کشمیر میں جاری ظلم وستم کسی سے پوشیدہ نہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکبھی بھی بھارت کاحصہ نہیں رہا، کشمیرکی آج بھی 80 فیصد آبادی مسلم ہے اور وادی میں بھارتی اقدامات کشمیر پر بھارتی مؤقف کی نفی کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر اگر مسئلہ نہیں تو بھارت کو مقبوضہ کشمیرمیں فوج اور خصوصی قوانین کا نفاذ کیوں کرنا پڑا۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہم ہمسایہ ممالک سے بہترتعلقات کے خواہاں ہیں، لیکن بنیادی رکاوٹ اور دیوار مسئلہ کشمیر ہے جس کےحل کے بغیر پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی ختم نہیں ہوسکتی، یہ معمولی نوعیت کا مسئلہ نہیں، اس کی وجہ سے پاکستان اور بھارت میں تین جنگیں ہو چکی ہیں، مسئلہ کشمیر کی وجہ سے پاک بھارت کشیدگی فطری عمل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا مرکزی نکتہ ہے، پاکستان کی سیاست تقسیم دکھائی دیتی ہے لیکن مسئلہ کشمیر کے لیے سب متفق ہیں، سیاسی تفریق سے بالاتر ہو کر قوم مسئلہ کشمیر کے حل پرمتحد ہے اور رہیں گے۔ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کو ان کی امنگوں کے مطابق حق خود ارادیت دینے کے لئے آواز بلند کی، اور ہمارا مطالبہ رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں جس طرح انسانی حقوق پامال کئے جارہے ہیں اس کے لئے عالمی براداری اور اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں