ترقیاتی پیکیج شیر شاہ سوری روڈ پر 3 فلائی اوورز کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

سخی حسن چورنگی ،فائیو اسٹار چورنگی اور کے ڈی اے چورنگی پر فلائی اوورز کی تعمیر مارچ 2019تک مکمل ہوجائے گی۔


Staff Reporter October 26, 2018
 گورنر عمران اسماعیل اور میئر وسیم اختر نے تختی کی نقاب کشائی کرکے ،2ارب 38کروڑ روپے منصوبے کاافتتاح کردیا۔ فوٹو: فائل

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وفاقی حکومت کے کراچی ترقیاتی پیکیج سے شیر شاہ سوری روڈ پر3 فلائی اوورز کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔

شیرشاہ سوری روڈ پر 3 فلائی اوورز کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور میئر کراچی وسیم اختر نے تختی کی نقاب کشائی کرکے منصوبہ کا افتتاح کردیا ، اس موقع پر کراچی انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کے ڈائریکٹر زبیر چنا نے منصوبہ کی تفصیلات پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پرخطاب اور صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کے معاشی حب کراچی کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور کراچی کے اپنے دورے میں انھوں نے ملک کے پہلے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جن کا تعلق کراچی سے ہے۔ ان منصوبوں میں تین فلائی اوورز، سمندری پانی کو میٹھا بنانے والے ڈی سیلی نیشن پلانٹ اور فضلہ کو ٹریٹ کرنے کے لیے ایفولوینٹ پلانٹ کے منصوبے شامل ہیں۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں وفاق کی معاونت سے تعمیر و ترقی کے منصوبوں کی نگرانی کے لیے کراچی ٹرانسفورمیشن کمیٹی قائم کی گئی ہے جو کہ مختلف شعبوں کے ماہرین پر مشتمل ہے، میئر کراچی وسیم اختر اور انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کے سربراہ صالح فاروقی بھی اس کمیٹی کا حصہ ہیں جبکہ صوبائی حکومت کو بھی وفاقی منصوبوں میں شمولیت کی دعوت دی ہے انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے منصوبوں میں ہر سطح پر شفافیت کو برقرار رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ 2ارب 38کروڑ 60لاکھ روپے کی لاگت سے سخی حسن چورنگی، فائیو اسٹار چورنگی اور کے ڈی اے چورنگی پر فلائی اوورز کی تعمیر مارچ 2019تک مکمل ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں