کامیاب دورئہ یورپ پاکستانی جونیئر ہاکی ٹیم کی وطن واپسی

گرین شرٹس نے مجموعی طور پر آٹھ مقابلوں میں سے 4 میں فتح کو مقدر بنایا.


Sports Reporter June 17, 2013
گرین شرٹس نے مجموعی طور پر آٹھ مقابلوں میں سے 4 میں فتح کو مقدر بنایا۔ فوٹو: فائل

پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم یورپ کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی۔

گزشتہ روز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور آنے والوں میں عمر بھٹہ کپتان، کاشف شاہ، مظہرعباس، امین یوسف (گول کیپرز)، محمد خالد ، فیصل قادر، سید کاشف شاہ (فل بیک)، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق، عماد شکیل بٹ، تصور عباس، کاشف جاوید (ہاف بیکس) محمد عرفان، ایم عمر بھٹہ، محمد دلبر، علی شان، محمد سلمان، محمد عمیر، محمد رضوان اور حافظ محمد رضوان علی (فارورڈز) جبکہ آفیشلز میں چیف کوچ و منیجر رانا مجاہد علی، کوچز دانش کلیم، انجم سعید اور ٹیم ڈاکٹر اسد عباس شامل ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستانی ہاکی ٹیم نے یکم جون سے15 جون تک تین مختلف یورپی ٹیموں کے ساتھ مجموعی طور پر آٹھ مقابلوں میں حصہ لیا، 4 میں کامیابی مقدر بنی جبکہ 4مقابلوں میں شکست کا سامنا رہا۔

گرین شرٹس کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اسے ہالینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست کا سامنا رہا تاہم یورپی کنڈیشنز کے ساتھ ہم آہنگی ہونے کے بعد عمر بھٹہ الیون بھر پور فارم میں دکھائی دی اور اس نے ہالینڈ کو پانچ گول کے بڑے مارجن سے شکست دینے کے بعد جرمنی جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف بھی 3 میچوں کی سیریز2-1 سے اپنے نام کی۔دورے کے اختتامی دنوں میں پاکستانی ٹیم کا مقابلہ بیلجیئم سے تھا، یہ سیریز 1-1سے برابر رہی۔ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے چیف کوچ رانا مجاہد علی اور کوچ انجم سعید نے یورپی دورے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ورلڈ کپ کی تیاریوں میں بھر پور مدد ملی ہے۔



''ایکسپریس'' سے بات چیت میں چیف کوچ رانا مجاہد علی نے کہا کہ یہ جونیئر ٹیم کا ابتدائی یورپی دورہ تھا،12کھلاڑی ایسے تھے جنھوں نے پہلی بارگوروں کی دیس میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔انھوں نے کہا کہ دورہ ہر حوالے سے کامیاب رہا،ابتدا میںکھلاڑیوں کا سامان بروقت نہ پہنچ پانے کی وجہ سے قومی ٹیم کو ہالینڈ کے خلاف پہلے میچ میں ناکامی کا سامناکرنا پڑا تاہم آئندہ میچوں میںکھلاڑیوں نے عمدہ کم بیک کیا اورمیزبان ٹیم کے خلاف اسی کی سرزمین پر عمدہ کھیل پیش کیا۔

انھوں نے کہا کہ لاہور اور اسلام آباد میں ہونے والے تربیتی کیمپوں میں جوتجربات کیے گئے تھے ان کا بھر پور استعمال یورپی ٹیموں سے میچز کے دوران کیا گیا۔رانا مجاہد علی نے کہا کہ قومی ٹیم میں متعدد ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو اپنے سینئرز کی جگہ لینے کے لیے مکمل تیار ہیں۔کوچ انجم سعید نے کہا کہ دورئہ یورپ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے خاصا سود مند ثابت ہوا ہے، کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو دیکھ کر میں وثوق سے کہتا ہوں کہ رواں برس بھارت میں شیڈول میگا ایونٹ میں قومی ٹیم قوم کو فتح کی خوشخبری دے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں