تھرکے عوام کومشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا آصف زرداری

تھرکی تقدیراب بدل جائے گی، آصف علی زرداری

میں خود جلد تھرکا دورہ کروں گا، زرداری: فوٹو: فائل

سابق صدرآصف علی زرداری نے کہا کہ میں خود جلد تھرکا دورہ کروں گا اورتھرکے عوام کومشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سابق صدرآصف علی زرداری سے وزیراعلی سندھ کے معاون خاص محکمہ برائے انسانی حقوق ڈاکٹرکھٹومل جیون کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ڈاکٹرکھٹو مل جیون نے تھرکی قحط زدہ صورتحال پرتفصیلی بریفنگ دی۔


ملاقات کے دوران سابق صدرآصف علی زرداری نے کہا کہ تھرکے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کریں گے، اگرپانی کی فراہمی کا منصوبہ آسانی سے شروع کیا جاسکتا ہے توفراہم کیا جائے گا، تھرکول جیسا منصوبہ تھرکوترقی کی راہ پرگامزن کرے گا اورتھرکی تقدیراب بدل جائے گی۔

سابق صدرنے کہا کہ میں خود جلد تھرکا دورہ کروں گا، تھرکے عوام کومشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا، ہم ہرمسئلے کا حل چاہتے ہیں، مسائل حل ہوسکتے ہیں اس کے لئے بہترمنصوبہ بندی ضروری ہے، تھرکے منتخب نمائندے اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل حل کرنے کی بھرپورکوشش کریں اورمجھے نتائج بھی دیں۔

اس سے قبل ڈاکٹرکھٹومل جیون نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جب تک تھرمیں پینے کا نہری پانی نہیں پہنچایا جاسکتا تب تک قحط سے نمٹنا مشکل ہے، جس طرح اچھڑوتھرمیں ناراکئنال سے پانی فراہم کیا گیا اس طرح تھر میں فراہم کرنا ہوگا۔
Load Next Story