کریکر دھماکے کے بعد شہریوں کو ہٹاتے ہوئے یوسف شہید ہوئے

چچا پیروں کے قریب دوسرے دھماکے میں جاں بحق اور میں زخمی ہوکر بے ہوش ہوگیا تھا.


Staff Reporter June 17, 2013
یوسف خان کے جسم پر بال بیئرنگ اور نٹ بولٹ کے نشانات ہیں،بھتیجے اختر کی گفتگو. فوٹو: پی پی آئی

کٹی پہاڑی پر گزشتہ روز کریکر بم دھماکے میں جاں بحق پولیس اہلکار یوسف خان فرائض کی ادائیگی کے دوران دوسرے دھماکے کا شکار ہو گیا تھا۔

یوسف خان دھماکے کے بعد بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہریوں اور مکینوں کو جائے حادثہ سے ہٹارہے تھے کہ اسی اثنا ان کی ٹانگوں کے قریب دوسرا دھماکا ہوگیا تھا جس سے وہ دور جاگرے تھے،مقتول یوسف خان کے بھتیجے اختر نے اسپتال میں ایکسپریس سے گفتگو کے دوران بتایا کہ چچا یوسف خان کریکر دھماکے کے بعد جائے وقوع سے شہریوں کو دور ہٹارہے تھے اور مجھے گھر جانے کا کہہ رہے تھے میں کچھ فاصلے پر پہنچا ہی تھا کہ ان کی ٹانگوں کے قریب دوسرا دھماکا ہوگیا اور پہاڑی کا ایک پتھر مجھے آکر لگا جس سے میں بے ہوش ہوگیا۔



تفصیلات کے مطابق قصبہ کالونی کے علاقے کٹی پہاڑی پر بم دھماکے میں زخمی ہونیوالے پولیس اہلکار یوسف خان کے بھتیجے اختر نے بتایا کہ وہ اپنے چچا کے ساتھ پانی بھرنے گیا تھا کیونکہ علاقے میں گزشتہ15دن سے پانی نہیں آرہا جب کریکر کا دھماکا ہوا تو اس موقع پر ہم قریب ہی تھے اس دوران چچا نے مجھے گھر جانے کو کہا اور خود جائے وقوع پر کھڑے ہوکر شہریوں کو دھماکے کے مقام سے دور ہٹانے لگے میں ان کی ہدایت پر کچھ ہی دور گیا تھا کہ چچا کے پیروں کے پاس ایک زور زور دار دھماکا ہوا جس سے چچا دور جاگرے اور اسی دوران ایک پتھر آکر میرے سر پر لگا اور میں بے ہوش ہوگیا جب مجھے ہوش آیا تو میں اسپتال میں تھا اور وہاں پتہ چلا کہ چچا شہید ہوگئے ہیں، چچا کے پورے جسم پر بال بیئرنگ اور نٹ بولت لگنے کے نشانات ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں