
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ای سی ایل میں نام ڈالنے کیلیے سابقہ دور حکومت میں بنائی گئی کابینہ کی ذیلی کمیٹی ختم کردی، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ براہ راست ای سی ایل سے متعلق کیس کابینہ کو بھجوائے گی اور کابینہ کی منظوری سے ہی نام ای سی ایل میں ڈالے جاسکیں گے، اس حوالے سے فیصلے کی توثیق وفاقی کابینہ کرچکی ہے۔
کمیٹی ختم کرنے کے بعد وزیر داخلہ کا سیکیورٹی اداروں کی طرف سے سفارش کردہ نام، کالعدم تنظیموں کے کارکنوں اور دہشت گردوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا اختیار بھی ختم کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کابینہ کمیٹی متعارف کرائی تھی، کابینہ کمیٹی ای سی ایل میں نام ڈالنے اور ہٹانے کا جائزہ لیتی تھی، کمیٹی جائزے کے بعد کیس وفاقی کابینہ کو بھجوائے جاتے تھے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔