انجن فیل ریل مسافروں پر پولیس کا لاٹھی چارج

ملت ایکسپریس پڈعیدن اسٹیشن پر 10گھنٹے رکی رہی، مسافروں نے قراقرم کو بھی روک لیا.


Numainda Express June 17, 2013
ریلوے اسٹیشن کے عملے نے پولیس بلالی جس نے لاٹھی چارج کر کے مسافر منتشر کردیے۔ فوٹو: فائل

پنجاب سے کراچی جانے والی ملت ایکسپریس کا انجن فیل ہونے سے ٹرین 10 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی، مسافروں نے احتجاجاً قراقرم ایکسپریس کو بھی روک لیا۔

پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کردیا، جھڑپیں بھی ہوئیں،تفصیلات کے مطابق پنجاب سے کراچی جانے والی 18 ڈائون ملت ایکسپریس کا پڈعیدن ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر انجن جواب دے گیا جس کے نتیجے میں ٹرین 10 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی، اس دوران شدید گرمی سے بے حال مسافروں کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا، انھوں نے ریلوے اسٹیشن اور اے ایس ایم آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا۔



بعد ازاں لاہور سے کراچی جانے والی 42 ڈائون قراقرم ایکسپریس کے پڈعیدن ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر ملت ایکسپریس کے مشتعل مسافروں نے ٹریک پر لیٹ کر ٹرین کو روک لیا، کئی گھنٹے تک روانہ نہیں ہونے دیا جس پر پڈعیدن ریلوے اسٹیشن کے عملے نے ہنگامی طور پر ضلع پولیس کی بھاری نفری کو طلب کرلیا، ریلوے اور ضلع پولیس کی جانب سے مسافروں پر لاٹھی چارج کرنے پر جھڑپیں شروع ہوگئیں، پولیس کی بھاری نفری نے قراقرم ایکسپریس کو گھیرے میں لیکر ریلوے لائن پر کھڑے مظاہرین کو لاٹھی چارج کرکے منتشر کردیا جس کے بعد قراقرم ایکسپریس منزل کی جانب روانہ ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں