کرپشن ختم نہ کرسکا تو وزیراعلیٰ رہنے کا حق نہیں پرویز خٹک

دنیاوملک بھرکی نظریں تحریک انصاف کی حکومت پرہیں،صرف اﷲ کاخوف ہے،کوئٹہ واقعات افسوسناک ہیں، ملک لٹیروں کیلیے نہیںبنا.


Numainda Express June 17, 2013
تحریک انصاف وعمران خان پرجس اعتمادکااظہارکیاگیااس پرپورااترنے کیلیے ہرقربانی دینے کوتیارہیں،کھلی کچہری سے خطاب، گفتگو۔ فوٹو: فائل

KARACHI: وزیراعلیٰ پرویزخان خٹک نے کہاہے کہ دنیا اورملک بھرکی نظریں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پرہیں۔

صوبے میں ایسا نظام قائم کریںگے جس میں غریبوں کو اپنے علاقے میں انصاف ملے اور مسائل حل ہوں، غریب عوام کے ووٹوں سے منتخب حکومت قائم ہوئی، یہ ملک چوروں، لٹیروں اور کرپشن کے لیے نہیں بنا، صوبے میں کرپشن سے پاک نظام قائم کریںگے بصورت دیگر مجھے وزیراعلیٰ کی کرسی پر بیٹھنے کاکوئی حق نہیں۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے اتوارکو اپنے آبائی گاؤں مانکی شریف میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارٹی رہنماؤںکے علاوہ ہزاروں مقامی افراد وزیراعلیٰ پرویزخٹک کے استقبال کے لیے موجودتھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے لوگوں کے مسائل سنے اور درخواستوں پر کارروائی کی۔



وزیراعلیٰ نے کہاکہ پوری دنیا اورملک کی نظریں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پرہیں۔ صوبے میں نظام تعلیم اور امن وامان کی صورتحال مخدوش ہے، تمام محکموں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ 30جون تک تبدیلی لائی جائے اور عوام کے مسائل فوری حل کیے جائیں، انصاف کی فر اہمی سمیت کرپشن ختم کی جائے بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائیںگے۔ انھوں نے کہاکہ صوبے کے عوام نے تحریک انصاف اورعمران خان پر جس اعتمادکا اظہار کیا اس پر پورااترنے کے لیے ہرقسم کی قربانی دینے کے لیے تیارہیں۔

انھوںنے کہا کہ خوف صرف اﷲ تعالیٰ کی ذات سے ہے،کسی پروٹوکول اوروزیراعلیٰ ہاؤس میںرہنے کی ضرورت نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں صرف عوام کی مدد کی ضرورت ہے تاکہ نظام میں تبدیلی لائی جا سکے۔ نوشہرہ کینٹ اور پبی میں وزیر اعلیٰ کیمپ جلدکام شروع کریںگے۔ صحافیوںسے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کوئٹہ واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ قائداعظم محمدعلی جناح کی رہائشگاہ اور طالبات میس میں دھماکا نہایت افسوس ناک ہے جو ملک دشمنوں کی کارستانی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں