اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا ہیومن رائٹس کا انعام عاصمہ جہانگیر کے نام

اس سے قبل یہ اعزاز بیگم رعنا لیاقت، بے نظیر بھٹو اور ملالہ یوسف زئی کو دیا جاچکا ہے

عاصمہ جہانگیر نے پاکستان میں انسانی حقوق اور قانون کی بالادستی کے لیے طویل جہدوجہد کی (فوٹو : فائل)

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 'ہیومن رائٹس پرائز 2018ء' کے لیے عاصمہ جہانگیر کے نام کا اعلان کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 73 ویں سیشن کی سربراہ ماریہ فرنانڈا نے 'ہیومن رائٹس پرائز برائے 2018ء کے لیے پاکستان کی معروف وکیل عاصمہ جہانگیر کے نام اعلان کیا ہے۔



عاصمہ جہانگیر کے نام اعلان کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے لیے ان کی جدوجہد ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔




اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے یہ انعام شخصیات اور تنظیموں کو انسانی حقوق کے لیے کام کرنے کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔ رواں برس کے لیے یہ انعام عاصمہ جہانگیر کے ساتھ دیگر 2 افراد اور ایک تنظیم کو دیا گیا ہے۔



عاصمہ جہانگیر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا یہ اعزاز حاصل کرنے والی چوتھی پاکستانی خاتون ہیں۔ اس سے قبل بیگم رعنا لیاقت علی خان، بے نظیر بھٹو اور ملالہ یوسف زئی کو اس اعزاز سے نوازا جا چکا ہے۔



واضح رہے کہ انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور پاکستان میں جمہوریت اور قانون کی بالادستی کے لیے انتھک جدوجہد کرنے والی معروف وکیل عاصمہ جہانگیر حرکت قلب بند ہوجانے کے سبب رواں برس فروری میں جہان فانی سے کوچ کرگئی تھیں۔
Load Next Story