پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیکر ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی

148رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 136رنز بناسکی یوں پاکستان نےمسلسل 10ویں سیریز اپنے نام کی


ویب ڈیسک October 26, 2018
کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی (فوٹو: سوشل میڈیا)

پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو 11 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت کر مسلسل 10 ویں سیریز اپنے نام کرلی۔

دبئی میں کھیلی جانے والی تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں قومی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی، قومی ٹیم نے پورے اوور کھیلتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 20 اوور میں 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 136 رنز بناسکی۔

پہلی اننگ

پاکستانی بیٹنگ سائیڈ میں اوپنر بابر اعظم 45 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ محمد حفیظ 40 اور فہیم اشرف 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، فخر زمان نے 11، شعیب ملک نے 14، آصف علی نے 9 اور عماد وسیم نے ایک رنز کی باری کھیلی۔ کپتان سرفراز احمد بیٹنگ کرنے نہیں آئے اور ان کی جگہ حسن علی کو پرموٹ کرکے بھیجا گیا جو بغیر کوئی اسکور کیے پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کولٹر نائیل سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 اوورز میں 18 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اسٹین لیک نے 2 جب کہ شارٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسری اننگ

پاکستانی بولرز نے ایک بار پھر نپی تلی بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 31 رنز پر 3 آسٹریلوی بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا۔ 5 آسٹریلین کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔

اوپنر فنچ 3 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، عماد وسیم نے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین شارٹ کو 2 رنز پر رن آؤٹ کیا جب کہ کرس لین عماد وسیم کی گیند پر اونچا شارٹ کھیلتے ہوئے شاداب خان کے ہاتھوں 7 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ الیکس ٹائیسن نے ایک اور بنجامن نے 3 رنز بنائے۔ مچل روز مارش نے 21 رنز اسکور کیے۔

فتح کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ آخری اوور میں 132 رنز پر گری، شاہین آفریدی کی بال پر آسٹریلیا کے ٹاپ اسکورر میکس ویل نے چھکا لگانے کی کوشش کی تاہم وہ کیچ آؤٹ ہوگئے اور 52 رنز بناسکے ان کے بعد ناتھن کولٹر بھی شاہین آفریدی کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے اور 27 رنز اسکور کرسکے۔

شاداب خان اور شاہین آفریدی نے دو دو، عماد وسیم اورمحمد حفیظ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جب کہ دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں