پی پی ایل کا تیل وگیس کے 21 کنویں کھودنے کا فیصلہ

سمندر میں تلاش سمیت 12 نئے کنویں شامل، رواں سال 19 کروڑ ڈالر انویسٹ کیے جائیں گے۔

ڈائریکٹرز بورڈ کے اجلاس میں سعیداللہ شاہ کی بریفنگ، 45 ارب 70 کروڑ روپے منافع کا اعلان۔ فوٹو : فائل

پاکستان پٹرولیم کمپنی نے رواں مالی سال 21 کنویں کھودنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں نئے ذخائر کی تلاش کے لیے 12 اور پہلے سے موجود ذخائر کی بہتری کے لیے 9 کنویں شامل ہیں۔

پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے سالانہ اجلاس عام کے موقع پر پی پی ایل کے ایم ڈی اور چیف ایگزیکٹو سعید اللہ شاہ نے بتایا کہ پی پی ایل ملک میں توانائی کی دستیابی بہتری بنانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے، کمپنی رواں مالی سال 19کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گردشی قرضوں کی وجہ سے سرمائے کی قلت کا سامنا ہے تاہم موجودہ حکومت اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔


پی پی ایل کے شیئر ہولڈز نے 30جون 2018کو ختم ہونے والی مالی سال کے لیے 15فیصد نقد حتمی منافع منقسمہ کے ساتھ 15فیصد بونس شیئر کی ادائیگی کی منظوری دی۔

پی پی ایل نے اس مدت میں 45ارب 70کروڑ روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا جو کمپنی کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا منافع ہے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین سلمان اختر نے اجلاس کی صدارت کی۔

واضح رہے کہ کراچی کے ساحل سے 240 کلو میٹر کے فاصلے پر 1800 میٹر گہرائی میں بھی تیل کے ذخائر کی تلاش کے لیے جنوری 2019سے سرگرمی کا آغاز کیا جائے گا۔
Load Next Story