نیا پاکستان ہاؤسنگ میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی حوصلہ افزا ہے عمران خان

یہ فلیگ شپ منصوبہ ہے،اتھارٹی کے قیام کا ماڈل 3ہفتوں میں بنائیں،اجلاس سے خطاب


News Agencies October 27, 2018
وزیراعظم سے اماراتی وفدکی ملاقات، تعلقات میں بہتری، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے پر پیشرفت کو سراہتے ہوئے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے قیام کو حتمی شکل دینے اور تین ہفتوں میں مختلف آمدن کے گروپوں کیلیے ہمہ جہت ماڈل تیار کرنے کی ہدایت کردی اورکہاکہ منصوبے میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی حوصلہ افزا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق جمعہ کووزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت وزیراعظم آفس میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے پر ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسد عمر ، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس طارق بشیر چیمہ، وزیر پلاننگ خسرو بختیار، سینئر وزیر پنجاب علیم خان ، سیکریٹری ہاؤسنگ ڈاکٹر عمران زیب، چیئرمین نادرا، ہاؤسنگ ٹاسک فورس کے ممبران اور سینئر سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں چیئرمین نادرا نے وزیراعظم کو رجسٹریشن کے عمل سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ منصوبے کیلیے رجسٹریشن میں عوام زبردست دلچسپی لے رہے ہیں ۔اخوت فاؤنڈیشن کے امجد ثاقب نے کم لاگت 10لاکھ گھروں کی تعمیر کا پلان پیش کیا۔

وزیراعظم نے ہاؤسنگ منصوبے پر پیش رفت کو سراہتے ہوئے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے قیام سے متعلق ضروری تقاضوں، مستقبل کے لائحہ عمل اور قانونی طریقہ کارکو تین ہفتوں میں حتمی شکل دے۔

وزیراعظم نے کہاکہ منصوبے میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروںکی دلچسپی حوصلہ افزا ہے، ماضی میں ہاؤسنگ کے شعبے کو بری طرح نظراندازکیاگیا،کسی بھی حکومت نے کم آمدن افرادکو چھت کی فراہمی کیلئے سنجیدہ کوشش نہیں کی،50 لاکھ گھر موجودہ حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس سے جوانوں کیلئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوںگے اور تعمیراتی شعبے سے منسلک 40 صنعتوں کو فروغ ملے گا۔

وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری کیے گئے خط میں کہا گیا ہے تمام ادارے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کو دستیاب جگہوںکی نشاندہی کرکے دو ہفتوںکے اندر وزارت ہاؤسنگ کو زمین کا ڈیٹا فراہم کریں اوروزیراعظم آفس کو بھی اس سے متعلق کارروائی کے بارے میں آگاہ رکھا جائے۔

خبر ایجنسی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے متحدہ عرب امارات کے وفدنے بھی ملاقات کی، جس میں ملکی اقتصادی صورتحال سمیت دوطرفہ تعلقات میں بہتری اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیرخزانہ اسد عمر اوراورسیز کے وزیر نے شرکت کی۔ ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت اور معیشت کے فروغ کیلئے معاہدوں پر اتفاق کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں