بھارت میں بارشوں سے 13 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ لاکھوں افراد بے گھر

متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور لوگوں کومحفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔


ویب ڈیسک June 17, 2013
اتر کھنڈ اور اتر کاشی میں سیلاب نے سب سے زیادہ نقصان پہنچایا، بھارتی میڈیا۔ فوٹو: رائٹرز

بھارت کی مختلف ریاستوں میں مون سون بارشوں کے باعث اب تک 13 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔


بھارتی میڈیا کے مطابق مون سون بارشوں سے ملک کی شمالی اور مغربی ریاستیں سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں، بارشوں اور سیلابی ریلوں نے سب سے زیادہ تباہی اتر آکھنڈ اور ہریانہ میں مچائی ہے۔ اتر کھنڈ میں اب تک بارشوں سے 13 افراد کی ہلاکت جبکہ 50 کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے اس کے علاوہ ہزاروں بے گھر ہوگئے ہیں۔ سڑکیں و پل بہہ جانے اور مٹی کے تودے گرنے سے 30 ہزار سے زائد ہندو یاتری علاقے میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں، ریاستی انتظامیہ نے صورت حال پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ تعلیمی اداروں کو تا حکم ثانی بند کرکے انہیں بے گھر افراد کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔

ریاست ہریانہ میں بھی بارشوں کے باعث 15 دیہات مکمل طور پر ڈوب گئے ہیں جہاں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لئے بھارتی فضائیہ کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں، بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں 4 گھنٹوں تک جاری رہنے والی طوفانی بارش نے نظام زندگی کو مکمل طور پر مفلوج کردیا ہے۔ شہر کے بین الاقوامی ایئرپورٹ میں اندرون ملک پروازوں کے ٹرمینل اور میٹرو بس اسٹیشن میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے جس کے باعث پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے، ممبئی میں بھی گزشتہ 3 روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں مون سون بارشوں کا آغاز جولائی سے ہوتا ہے تاہم رواں برس یہ بارشیں 3 ہفتے قبل ہی شروع ہوگئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں