چیف جسٹس شاہ رخ جتوئی کی بی کلاس دیکھ کر برہم ڈیتھ سیل منتقل کرنے کا حکم

آئی جی جیل خانہ جات نے سپرنٹنڈنٹ لانڈھی جیل کو معطل کردیا۔


ویب ڈیسک October 27, 2018
جسٹس ثاقب نثار نے ملیر جیل میں قید منی لانڈرنگ کیس کے ملزمان کے کمروں کا بھی جائزہ لیا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار ملیر جیل میں شاہ رخ جتوئی کو بی کلاس میں دیکھ کر برہم ہوگئے اور انہیں فوری طور پر ڈیتھ سیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کراچی میں ملیر جیل کا دورہ کیا اور وہاں کے انتظامات کا جائزہ لیا، انہوں نے اے جی مجید کے کمرے کا بھی جائزہ لیا، جیل انتظامیہ نے چیف جسٹس کے ساتھ موجود میڈیا نمائندگان کو جیل میں اندر جانے سے روک دیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ جیل حکام کا شاہ رخ جتوئی کوعدالت میں پیش کرنے سے انکار

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس ملیر جیل میں قید سزائے موت کے مجرم شاہ رخ جتوئی کی بی کلاس دیکھ کر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قتل کیس کے مجرم کو جیل میں اتنی سہولت کس بنا پرفراہم کی جارہی ہے، یہ سزائے موت کا مجرم ہے اسے بی کلاس کیسے دی۔ چیف جسٹس نے آئی جی جیل خانہ جات سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے شاہ رخ جتوئی کو ڈیتھ سیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

بعد ازاں قائم مقام آئی جی جیل خانہ جات قاضی نذیر عدالت میں پیش ہوئے، چیف جسٹس نے آئی جی جیل کو فوری طور پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی جس پر انہوں نے فوری طور پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو معطل کردیا اور شاہ رخ جتوئی کو سینٹرل جیل کے ڈیتھ سیل منتقل کردیا۔

واضح رہے ملیر جیل میں منی لانڈرنگ کیس کے اہم ملزم قید ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں