بیرون ملک سفارتکاروں کو سیاسی بنیادوں پر تعینات کیا گیا تھا وزیرخارجہ 

اپوزیشن اتحاد جمہوری بحالی کا نہیں اپنی بحالی کا ہے، شاہ محمود قریشی 

اسرائیلی طیارے کی خبر بے بنیاد ہے، فوٹو:فائل

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سفارتکاروں کو سیاسی بنیادوں پر تعینات کیا گیا تھا تاہم نئے تعینات ہونے والے تجربہ کار اور منجھے ہوئے سفارتکار پاکستان کا مضبوط مؤقف پیش کریں گے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت سے قبل دیگر ممالک میں جتنے لوگ تعینات تھے وہ سفیر نہیں تھے بلکہ سیاسی بھرتیاں تھیں، میری اور وزیر اعظم کی خواہش تھی کہ ایسے تجربہ کار سفارتکاروں کو تعینات کیا جائے جو پاکستان کا نکتہ نظر بھرپور طریقے سے پیش کریں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ سفارتکاروں کی ذمےداری ذاتی ایجنڈا نہیں قومی ایجنڈا ہوناچاہیے، امید ہے کہ گزشتہ روز تعینات کئے گئے سفارتکار پاکستان کا نقطہ نظر اچھے طریقے سے پیش کریں گے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: امریکا اور برطانیہ سمیت اہم ممالک میں سفیروں کی تبدیلی

اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد پر وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی طیارے کی خبر بے بنیاد ہے، اس خبرکی میڈیا اورسوشل میڈیا پرواضح تردید آچکی ہے، ایک چیزجس کی حقیقت ہی نہیں ہےاس کا کیا جواب دینا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بیرون ملک جائیدادوں میں نام آنے والے افراد سے تفصیلات مانگی ہیں، اپوزیشن نکتہ چینی کے بجائے مثبت طریقے سے آگے بڑھے اور کرپشن کے خلاف ہمارا ساتھ دے جب کہ ایک دوسرے کے دست وگریباں جماعتیں حکومت کے خلاف آج ایک کیسے ہوگئیں؟ اپوزیشن اتحاد جمہوری بحالی کا نہیں اپنی بحالی کا ہے، اپنے مفادات ہیں، اپوزیشن اتحاد کو عوام میں پذیرائی نہیں ملے گی۔
Load Next Story