’’ڈیـانـا‘‘

شہزادی ڈیانا کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کا ٹریلر جاری کردیا گیا


Magazine Report June 17, 2013
شہزادی ڈیانا کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کا ٹریلر جاری کردیا گیا فوٹو : فائل

شہزادی ڈیانا کی زندگی کی کہانی پر بننے والی سال کی سب سے زیادہ انتظار کروانے والی فلم ' ڈیانا' کا ایک مختصر ٹریلر فلم بینوں کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔

فلم میں شہزادی ڈیانا کا کردار برطانوی آسٹریلین اداکارہ نومی واٹسن نے اداکیا ہے۔ فلم کیجرمن ہدایتکاراولیور ہرشبیگل کا کہنا ہے کہ، 'فلم ڈیانا ایک سنی سنائی کہانی نہیں ہے۔ فلم میں شہزادی ڈیانا کی زندگی کے آخری دوسالوں کی منظر کشی کی گئی ہے۔'دو بارآسکرایواڈ حاصل کرنے والی اداکارہ نومی واٹسن فلم کے ٹریلر میں لاکھوں دلوں پر راج کرنے والی شہزادی ڈیانا کی خوبصورتی اور ان کے حساس جذبات کی ترجمانی کرتی نظر آ رہی ہیں۔

فلم کی جھلکیوں میں کوئی ڈائیلاگ شامل نہیں کیا گیا ہے جبکہ ان کے چاہنے والوں کی ان سے والہانہ محبت اور کیمرے کی اس خفیہ آنکھ کو دکھایا گیا ہے جو ہر دم ان کا پیچھا کرتی تھی۔فلمساز رابرٹ برنسٹائن نے فلم سے متعلق اپنے ایک بیان میں کہا کہ، 'اس فلم کو بنانے کامقصد سنسانی پھیلانا ہر گز نہیں ہے فلم کے پردہ پر ایک خاتون کی ناکام محبت کی کہانی نظر آئے گی جو انتشار کا شکار تھی۔'ڈیانا کی کہانی میں شزادہ چارلس سے طلاق لینے کے بعد کے واقعات کو شامل کیا گیا ہے جس کا اختتام ان کی کار ایکسیڈنٹ میں المناک موت پر ہوتا ہے۔

فلم میں شہزادی ڈیانا کو ولیم اور ہیری کی محبت کرنے والی ماں کے روپ میں پیش کیا گیا ہے تو دوسری طرف ان کی زندگی کے اتار چڑھاو اور جذباتی کشمکش کو بھی فلم کا موضوع بنایا گیا ہے۔ فلم میں شہزادی ڈیانا کے قریبی دوستوں مصری رئیس زادے دودی الفائد اور پاکستانی نژاد برطانوی ڈاکٹر حسنات خان کے ساتھ پائے جانے والے گہرے مراسم کے حوالے سے کہانی کا تانا بانا بنا گیا ہے۔اسی طرح شہزادی ڈیانا کی فلاحی تنظیموں کے ساتھ وابستگی اور خاص طور پر تیسری دنیا کے ممالک کے لیے ان کی خدمات کو بھی کہانی کا حصہ بنایا گیا ہے۔

44 سالہ نومی واٹسن نے کہا کہ ''انھیں خوف ہے کہ ،لوگ فلم میں ان کے کردار کے حوالے سے کس قسم کا ردعمل ظاہر کریں گے۔''انھوں نے بتایا کہ ''ایک ایسی شہزادی کا کردار ادا کرنا ان کے لیے انتہائی مشکل تھا جس کی شخصیت کے سحر میں لوگ آج بھی مبتلا ہیں جودنیا سے جانے کے بعد بھی آج تک ہماری یادوں میں زندہ ہیں، ہمیں ان کا احترام کرنا چاہیے۔

فلم ڈیانا میں کام کرنا میرے لیے ایک چیلنج تھا لیکن میں نے یہ مشکل فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ میں چاہتی تھی کہ، تاریخ کی ہر دلعزیز شہزادی ڈیانا کی کہانی کو پوری سچائی کے ساتھ سب کے سامنے پیش کرنے میں مجھے مدد کرنی چاہیے جو اس کے ساتھ انصاف ہوگا۔'' ڈیانا فلم کا ورلڈ پریمئیر 5 ستمبر کو لندن میں متوقع ہے شہزدای ڈیانا کی موت 31اگست 1997میں ہوئی جبکہ فلم ڈیانا ان کی وفات کے سولہ برس بعد 20 ستمبر کو ریلیز کی جا رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں