مختصر مختصر
2001ء میں ’کسوٹی زندگی کی‘ سے شہرت حاصل کرنے والی شیویتا مختلف اور روایت سے ہٹ کے کردار ادا کرنا چاہتی ہیں...
شویتا تیواڑی
2001ء میں 'کسوٹی زندگی کی' سے شہرت حاصل کرنے والی شیویتا کہتی ہیں کہ وہ مختلف اور روایت سے ہٹ کے کردار ادا کرنا چاہتی ہیں اور اسی لئے ہمیشہ درست کیریکٹر کا انتظار کر تی ہیں۔
میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے تیکھے نین نقش اور دلکش شخصیت کی مالک شیویتا نے کہا کہ میں اپنا کوئی کردار 'ریپیٹ ' نہیں کرتی اور اگر کوئی کردار سمجھ میں نہ آئے تو منع کردیتی ہوں۔ عام طور پر ٹی وی انڈسٹری میں لوگ 'نہ ' کرتے ہوئے ڈرتے ہیں لیکن میں کسی عدم تحفظ کا شکار نہیں، کوئی رول سمجھ نہ آئے تو میں 'نو' کہنے میں دیرنہیں لگاتی۔
ان کا کہنا ہے کہ رئیلٹی شوز ایسا پلیٹ فارم ہیں جہاں آپ اپنی شخصیت کا بھرپور اظہار کرسکتے ہیں۔'رئیلٹی شوز میں کوئی اور کریکٹر ادا کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔آپ جو ہیں، جیسے ہیں ویسے ہی نظر آتے ہیں۔ آپ کی سخت محنت اور ٹیلنٹ ہی آپ کو رئیلٹی شو میں کامیابی دلا سکتا ہے۔اسی لئے مجھے رئیلٹی شوز بے حد پسند ہیں۔'
شیویتا نے ڈانس رئیلٹی شو 'نچ بلئے' میں بھی حصہ لیا اور جلد ہی وہ 'جھلک دکھلا جا6' میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرتی دکھائی دیں گی۔ یویتا اپنے کریڈٹ پر 'کہیں کسی روز' اور 'کیا حادثہ ، کیا حقیقت ' جیسے ہٹ شوز بھی رکھتی ہیں اور آج کل وہ ماں باپ اور بچوں کے تعلقات پر بنائی گئی سیریل ' پرورش۔کچھ کھٹی، کچھ میٹھی' میں 'سوئٹی' کا کردار نبھا رہی ہیں۔
کرن جوہر
کَرن جوہر کا نام آتے ہی بڑے بڑے عالیشان سیٹس، پرفضا رومینٹک وادیوں میں بکھرتے سریلے گانے، اسٹائلش ملبوسات پہنے بولی وْوڈ کے خوبصورت میگا اسٹارز اور خاندانی رشتوں کے تانے بانے میں گندھی کہانی ذہن کے پردوں پر دستک دینے لگتی ہے۔ اب یہی کرن جوہر کچھ ایسا کرنے جا رہے ہیں جو بولی ووڈ کے علاوہ ان کے پرستاروں کے لئے بھی 'سرپرائز' ثابت ہوگا۔اپنی فلموں میں عشق، محبت اور رومانویت کے نت نئے دلکش زاوئیے پیش کرنے والے کَرن جوہر نے انوراگ کرشیپ کی آنے والی فلم ''بومبے ویل ویٹ'' میں ولن کا رول ادا کرنے کی ٹھان لی ہے۔
بولی وْوڈ کو ایک سے ایک ہٹ رومینٹک جوڑی دینے والے کَرن جوہر کا ولن بن جانا حیران کن بھی ہے اور دلچسپ بھی۔ اکتالیس سالہ کَرن جوہر ہر وقت کچھ نیا کرنے کی دْھن میں رہتے ہیں۔ پروڈیوسر، ڈائریکٹر ، چیٹ شو ہوسٹ، رئیلیٹی شو جج۔ غرض کَرن کے بہت سے مختلف روپ ہیں اور ان سب میں ہی کَرن نے اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔
یوں تو کَرن نے یش چوپڑہ کی میگا ہٹ ''دل والے دلہنیا لے جائیں گے'' میں شاہ رخ خان کے دوست کا کردار نبھایا تھا ۔اس کے بعد کَرن جوہر نے ''اوم شانتی اوم'' اور'' لک بائی چانس'' میں مہمان اداکار کے طور پر انٹری دی تھی۔کَرن جوہر ''بومبے ویل ویٹ'' میں رنبیر کپور کے مقابل ''ولن'' کا رول ادا کریں گے۔مزے کی بات یہ ہے کہ کروڑوں روپے دے کر بولی وڈ کے صفِ اول کے اسٹارز کو اپنی فلموں میں کاسٹ کرنے والے کرن جوہر بطور اداکار اپنی پہلی فلم کا معاوضہ صرف ''11 روپے'' لیں گے۔
امیتابھ بچن
بگ بی یعنی امیتابھ بچن اب ایک ٹی وی سیریل میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے جن کی تخلیقی ہدایت انوراگ کشیپ دے رہے ہیں۔دیگر سیریلز کے مقابلے یہ سیریل محدود قسطوں پر مبنی ہوگا۔ اس سیریل کے بنانے میں امیتابھ بچن کی کمپنی شراکت دار ہے۔
اگرچہ امیتابھ، انوراگ یا ٹی وی چینل میں سے کسی نے بھی فی الحال سیریل کی کہانی یا اس کے مرکزی خیال کے بارے میں بات نہیں کی ہے لیکن امیتابھ بچن نے بتایا کہ وہ گزشتہ چھ ماہ سے اس پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں۔یہ معلوم ہوا ہے کہ وہ اس میں ایک مختصر سے رول کر رہے ہیں ۔ان کے مطابق بھارتی فلم کی طرح ہی ٹی وی بھی آہستہ آہستہ بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنانے کی کوشش میں کامیاب ہوگا۔