احسان مانی کا بلٹ پروف گاڑی لینے سے انکار سابق چیفس کے اخراجات کی تفصیلات جاری

احسان مانی بطور پی ایس ایل سربراہ بھی 5 لاکھ روپے نہیں لیں گے،ذرائع


Express News October 28, 2018
احسان مانی بطور پی ایس ایل سربراہ بھی 5 لاکھ روپے نہیں لیں گے،ذرائع۔ فوٹو: فائل

LONDON: احسان مانی نے بلٹ پروف گاڑی لینے سے انکار کردیا جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سابق سربراہان نجم سیٹھی اور شہر یار خان کے ذاتی اخراجات کی تفصیلات جاری کردیں۔

چئیرمین پی سی بی احسان مانی بھی وزیراعظم کی سادگی اوراخراجات میں کمی لانے کے پروگرام کے نقش قدم پر چل پڑے، انھوں نے سابق سربراہ نجم سیٹھی کی پالیسیوں پر عمل کرکے معاملات چلانے کی بجائے تبدیلی لانے کی حکمت عملی اپنائی ہے اور اخراجات کم کرنے پرفوکس کیا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ چند بورڈ حکام اور بعض گورننگ بورڈ ممبران کی جانب سے اصرار کے باوجود احسان مانی نے 3 کروڑکی بلٹ پروف گاڑی نہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔بورڈ نے 3کروڑروپے کی گاڑی کا ٹینڈر دے رکھا تھا۔

ذرائع کے مطابق احسان مانی بطور پی ایس ایل سربراہ بھی 5 لاکھ روپے نہیں لیں گے، واضح رہے کہ بلٹ پروف گاڑی اور 5 لاکھ نجم سیٹھی نے اپنے لیے منظور کرا رکھے تھے۔

دوسری جانب 2014 سے لیکر 2018 تک نجم سیٹھی بطور چیئرمین اور بطور چیئرمین ایگزیکٹیوکمیٹی 7کروڑ روپے اپنی ذات پر خرچ کیے۔ بطورچیئرمین نجم سیٹھی نے ہوٹل کے کرایوں کی مد میں 27 لاکھ روپے خرچ کیے ۔ڈیلی الاؤنس کی مد میں 81 لاکھ روپے خرچ کیے۔گاڑی کے پیٹرول کی مد میں نو لاکھ روپے اڑائے گئے۔

پی ایس ایل الاونسز کی مد میں ڈیڑھ کروڑ روپے وصول کئے۔ فون کے بلز کی مد میں 10لاکھ خرچ ہوئے۔ اہلیہ کا سفری خرچ ساڑھے 3 لاکھ سے زیادہ رہا۔

سابق چیئرمین پی سی بی شہریار محمد خان پر ایک کروڑ 94 لاکھ روپے خرچ ہوئے، جس میں 80 لاکھ روپے کا میڈیکل بل شامل ہے،اہلیہ کے اخراجات 14 لاکھ روپے رہے۔ شہر یار نے 5لاکھ 72 ہزارکی کالیں کیں۔ موجودہ سربراہ احسان مانی پر اب تک 3 لاکھ 20ہزار روپے خرچ ہوچکے ہیں۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں