ویمنز ٹی 20 کرکٹ سیریز پاکستان کے ہاتھ سے نکل گئی

دوسرے میچ میں آسٹریلیا 6 وکٹ سے فتحیاب، جورجیا نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں


Sports Desk October 28, 2018
دوسرے میچ میں آسٹریلیا 6 وکٹ سے فتحیاب، جورجیا نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔ فوٹو : فائل

آسٹریلیا کیخلاف ویمنز ٹوئنٹی20 کرکٹ سیریز بھی پاکستان کے ہاتھ سے نکل گئی جب کہ آسٹریلیا نے دوسرا میچ میں 6 وکٹ سے کامیابی سمیٹ کر تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتریل حاصل کرلی۔

نیوٹرل وینیو پر جاری ویمنز ٹوئنٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو آسٹریلیا نے 6 وکٹ سے شکست دیدی، کینگروز خواتین نے ٹاس جیت کر بولنگ کی، گرین شرٹس 19.5 اوورز میں 101رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

عمیمہ سہیل 38 گیندوں پر 43 رنز بنانے میں کامیاب رہیںِ ، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل رہا، کپتان جویریہ خان نے 27 رنز بنانے کیلیے24 بالز کا سامنا کیا، اس دوران انھوں نے 5 بار گیند کو بائونڈری لائن کے پار بھی پہنچایا، ڈیانا بیگ 6 اور ثنامیر4 رنز بناکر میدان بدر ہوئیں، سوفی مولینکس نے 14 رنز دیکر3 وکٹیں لیں۔

آسٹریلیا کی جورجیا ویریہام نے 2 اوورز میں 12 رنز کے عوض 3 پلیئرز کو پویلین چلتا کیا، میگن شٹ نے 3.5 اوورز میں 7رنز دیکر2 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا۔

آسٹریلوی ٹیم نے ہدف 17 اوورز میں 4 وکٹ کھوکر104رنز بنالیے، بیتھ مونی نے 4 چوکوں کی مدد سے 29 رنز بناکر پویلین کی راہ لی، الیسا ویلینی 24 اور الیسی پیری16 پر ناٹ آئوٹ رہیں، کپتان میگ لیننگ 14 رنز سے آگے نہیں بڑھ پائیں۔

ثنامیر، انعم امین، ندا ڈار اور عالیہ ریاض نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔دونوں ملکوں میں سیریز کا تیسرا اور آخری میچ پیر کو اسی مقام پر شیڈول ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔