ڈی جی ٹی او کا وناسپتی مینوفیکچررز کے لائسنس کی تجدید سے انکار

ٹرن اوورکی تفصیلات مانگے جانے پرپی وی ایم اے نے ایف بی آر سے رجوع کرلیا

اعتراضات دور کیے جانے کے بعد لائسنس کی تجدید کردی جائے گی، ڈی جی ٹی او۔ فوٹو: فائل

وزارت تجارت کے ماتحت ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آگنائزیشن (ڈی جی ٹی او) نے پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کے لائسنس کی تجدید کرنے سے انکار کردیا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹریڈ یونین کی جانب سے اپنی تنظیم کے لائسنس کی تجدید کیلیے درخواست جمع کرائی گئی ہے اور لائسنس کی تجدید کیلیے دی جانے والی درخواست کے ہمراہ وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات فراہم نہیں کی ہیں جس کی وجہ سے اعتراض لگایا گیا ہے اور پی وی ایم اے کی جانب سے اعتراضات دور کرنے کے بعد لائسنس کی تجدید کردی جائے گی۔

دوسری جانب ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) نے ممبر وناسپتی مینوفیکچررز یونٹس کے ٹرن اوور کی تفصیلات کیلیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے رجوع کرلیا ہے۔


دستاویز کے مطابق پاکستان وناسپتی مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کوتحریری درخواست دی گئی ہے جس کے ساتھ پاکستان وناسپتی مینوفیکرررز ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کے ممبران پر مشتمل وناسپتی مینوفیکچرنگ یونٹس کی فہرست بھی فراہم کی گئی ہے جس میں ان وناسپتی مینوفیکچرنگ یونٹس کے نام و پتہ جات سمیت دیگر متعلقہ کوائف دیے گئے ہیں۔

ایف بی آر کو لکھے جانے والے لیٹر میں کہا گیا ہے کہ پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کی جانب سے اپنی تنظیم کے لائسنس کی تجدید کیلیے ڈائریکٹوریٹ جنرل ٹریڈ آرگنایزئشن کو درخواست دی گئی۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل ٹریڈ آرگنایزئشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس بارے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے جاری کردہ دستاویزات پر مبنی لیٹرجمع کرایا جائے جس میں پی وی ایم اے کے تمام ممبر یونٹس کے ٹرن اوور کی تفصیلات موجود ہوں لہٰذا ایف بی آر سے درخواست کی جاتی ہے کہ پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ممبر یونٹس کی جانب سے ایف بی آڑ کے پاس ظاہر کردہ ٹرن اورکی تفصیلات پر مبنی دستاویزی لیٹر جاری کیا جائے تاکہ یہ تفصیلات ڈی جی ٹی او کے پاس جمع کرواکر پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے لائسنس کی تجدید کا مسئلہ حل کرایا جاسکے۔

 
Load Next Story