نواز شریف سے فضل الرحمان کی ملاقات اے پی سی میں شرکت کی دعوت

دونوں رہنماؤں نے حکومت کے خلاف اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی پر بھی مشاورت کی


ویب ڈیسک October 28, 2018
مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کو آصف زرداری سے ملاقات پر بھی قائل کرنے کی کوشش کی فوٹو:فائل

ISLAMABAD: مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی اور انہیں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملکی سیاست کے تین بڑے اس وقت لاہور میں موجود ہیں جن میں آصف زرداری، نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان شامل ہیں جب کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن اتحاد بنانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ لاہور میں نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ جاتی امرا میں مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی جس میں حکومت کے خلاف اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کو اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کی دعوت دی اور آصف زرداری سے ملاقات پر قائل کرنے کی بھی کوشش کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر بھی مشاورت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے اے پی سی کے انعقاد اور مولانا فضل الرحمان کی کوششوں سے اصولی اتفاق کیا تاہم اجلاس کا ایجنڈا واضح کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ نواز شریف کی اے پی سی میں شرکت کے حوالے سے چند روز میں حتمی فیصلہ ہوگا جبکہ ان کے شرکت نہ کرنے کی صورت میں مسلم لیگ ن اپنا اعلی سطح کا وفد بھی بھیج سکتی ہے۔ اس حوالے سے دونوں جماعتیں ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں گی۔

نواز شریف سے ملاقات کے بعد فضل الرحمان کی زیر سربراہی جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں حکومت کے خلاف نئی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عطاء الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس 6 نومبر کو ہوسکتی ہے، ہمیں قوی امید ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے درمیان اے پی سی میں اتحاد ہوجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں