سنچری میکر شیکھر دھون کی قسمت کا ستارہ چمکنے لگا

کئی بڑی کمپنیوں نے اوپنر کی شہرت کو کیش کرانے کی منصوبہ بندی کرلی

کئی بڑی کمپنیوں نے اوپنر کی شہرت کو کیش کرانے کی منصوبہ بندی کرلی۔ فوٹو :فائل

سنچری میکر شیکھر دھون کی قسمت کا ستارہ چمکنے لگا، کئی کمپنیوں نے اوپنر کی شہرت کو کیش کرانے کی منصوبہ بندی کرلی، کرکٹر کے برانڈ منیجر بنٹی کا کہنا ہے کہ شیکھر کو اپنی مونچھوں سے پیار اور وہ ان کی قربانی نہیں دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق شیکھر دھون نے انٹرنیشنل اسٹیج پر جگمگانے کیلیے کافی عرصہ انتظار کیا اور جب انھیں آسٹریلیا کے خلاف موہالی ٹیسٹ میں موقع ملا تو انھوں نے اس سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سنچری جڑ دی اور اس کے بعد ہاتھ کی انجری کا شکار ہوگئے، چیمپئنز ٹرافی میں شیکھر دھون کی واپسی ہوئی اور اپنے ابتدائی دونوں ون ڈے میچز میں سنچریاں اسکور کرڈالی جبکہ پاکستان کے خلاف آخری میچ میں بھی ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، ان کی آن کی دی فیلڈ شاندار پرفارمنس نے آف دی فیلڈ ان کی ویلیو کو چار چاند لگا دیے ہیں۔




کئی بڑی کمپنیاں ان کی بڑھتی ہوئی شہرت کو کیش کرانے کیلیے پرتول رہی اور حالات بتا رہے کہ اگر دھون نے اپنی شاندار فارم کا اگلے چند ماہ میں سلسلہ جاری رکھا تو وہ دولت کی بارش میں نہارہے ہوں گے۔ ان کے برانڈ مینجمنٹ ادارے کارنر اسٹون کے چیف ایگزیکٹیو بنٹی کا کہنا ہے کہ شیکھر دھون نے انٹرنیشنل ڈیبیو سے ہی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ جاری رکھا ہوا ہے، چیمپئنز ٹرافی میں ان کی یکے بعد دیگرے سنچریز نے کی ان کی اہمیت میں اضافہ کردیا ہے۔

بہت سی کمپنیوں نے اپنی برانڈ کی تشہیر کیلیے ان کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اگر دھون اگلے چند ماہ تک تسلسل کے ساتھ اچھا پرفارم کرتے ہیں تو وہ اشتہارات کی دنیا میں ہاٹ کیک کی مانند ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ شیکھر دھون کو اپنی مونچھوںکافی عزیز اور وہ اکثر ان کو تائو دیتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، بنٹی کا کہنا ہے کہ یہ ان کی شخصیت کا حصہ ہیں، وہ انھیں صاف کرنے کیلیے تیار نہیں اگر کسی کمپنی نے ان کی مونچھوں کو کیش کرانا چاہا تو اس کا خیرمقدم کریں گے۔
Load Next Story