کنفیڈریشنز کپ فٹبال ورلڈ چیمپئن اسپین نے یورو گوئے کو پچھاڑ دیا

پیڈرو اور روبرٹو سولڈاڈو نے گیند کو جال کی راہ دکھائی، جنوبی امریکن سائیڈ کو2-1 سے شکست، اٹلی نے میکسیکو پر ہاتھ۔۔۔


Sports Desk June 18, 2013
ریسائف: کنفیڈریشنز کپ میچ میں اسپین کے مڈ فیلڈر آندریس انیسٹاکو گیند کک لگانے کیلیے کوشاں، یورو گوئے کے کرسٹیان روڈریگوئز انھیں روک رہے ہیں ،ورلڈ چیمپئن نے یہ مقابلہ 2-1سے جیت لیا۔ فوٹو : اے ایف پی

کنفیڈریشنز کپ فٹبال میں ورلڈ چیمپئن اسپین نے پہلی آزمائش میں کونمیبل چیمپئن یوروگوئے کو پچھاڑ دیا، فاتح ٹیم کے لیے پیڈرو اور روبرٹو سولڈاڈو نے گیند کو جال کی راہ دکھائی، اٹلی نے میکسیکو پر 2-1 سے ہاتھ صاف کرلیا، فاتح ٹیم کیلیے پیرلو اوربالوٹیلی نے گیند کو جال میں پہنچایا جبکہ حریف ٹیم کا واحد گول ہرنانڈز کے نام رہا۔

تفصیلات کے مطابق برازیل کے مختلف شہروں میں جاری ورلڈ کپ ڈریس ریہرسل ایونٹ کنفیڈریشنز کپ میں اتوار کی شب دو میچز کھیلے گئے، گروپ ' بی ' کے افتتاحی مقابلے میں ورلڈ اور یورپی چیمپئن اسپین نے یوروگوئے کو2-1 سے پچھاڑ دیا، اسپینش ٹیم کھیل پر چھائی رہی، انھوں نے گیند پراپنا کنٹرول رکھا، ریسائف کے ایرینا ٹیمبو میں منعقدہ کھیل کے 19ویں منٹ میں پیڈرو کی طویل فاصلے سے لگائی ہوئی گیند یوروگوئے کے دفاعی کھلاڑی ڈیاگو لوگانو سے ٹکراتی ہوئی گول پوسٹ میں چلی گئی، سولڈاڈو نے سیساک فیبریگاس کے عمدہ پاس پر گول داغ کر ٹیم کی برتری دگنی بنائی۔

یوروگوئے کا خسارہ کھیل ختم ہونے سے تین منٹ قبل ان کے اسٹار اسٹرائیکر لوئس سواریز نے 28 میٹر کی دوری سے لگائی گئی فری کک پر کم کیا،میچ کے اختتام پر اسپینش کوچ ونسنٹ ڈیل بوسکیو نے کہا کہ اگرچہ نتائج ہمارے کھیل کے مطابق نہیں رہے لیکن جس طرح ہم نے گیم پر اپنا کنٹرول قائم رکھا تو ہمیں اس سے بڑے مارجن سے فتحیاب ہونا چاہیے تھا، دوسری جانب ماریکانا اسٹیڈیم پر اٹلی نے میکسیکو کو 2-1 سے زیر کرلیا، مقابلے کو دیکھنے کیلیے 70 ہزار شائقین نے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔



اٹلی کیلیے کیریئر کا 100واں بین الاقوامی فٹبال میچ کھیلنے والے آندریا پیرلو نے کھیل کے 27 ویں منٹ میں ٹیم کا پہلا گول بنایا، ان کی جانب سے 25 میٹر کی دوری سے لگائی گئی فری کک پر گیند گول پوسٹ کے بائیں جانب کارنر کے اوپر سے جال میں چلی گئی، تاہم سات منٹ بعد مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے بھی کھیلنے والے میکسیکن اسٹرائیکر جیویئر ہرنانڈز نے حساب چکتا کردیا، آندریا بارزیگلی کی جانب سے گیوانی ڈوس سانتوس کو دھکا دینے پر ملنے والی پنالٹی کو انھوں نے گول میں تبدیل کردیا۔

کھیل کے ابتدائی 10 منٹ میں حریف ٹیم کے گول پوسٹ پر تین حملے کرنے والے بالوٹیلی 77ویں منٹ میں فیصلہ کن گول داغنے میں کامیاب ہوگئے، انھوں نے دو دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپر جوز کرونا کو چکمہ دیتے ہوئے گیند کو جال کی راہ دکھادی، کھیل کے آغاز پر بالوٹیلی کے حملوں پر میکسیکو کی جانب سے آندریس گوارڈیڈو نے جوابی وار کیا لیکن وہ اپنی ٹیم کو برتری دلانے میں کامیاب نہیں ہوپائے، ان کی لگائی ہوئی کک کراس بار کے اوپر سے باہر چلی گئی، دوسرے ہاف میں بھی اطالوی ٹیم نے اپنی اجارہ داری قائم رکھی، گیاچیرانی نے کئی مرتبہ میکسیکو کے دفاعی حصار میں نقب لگائی، دوسرے ہاف میں بطور متبادل میدان میں اترنے والے میکسیکو کے رال جیمیونیز کو انجری ٹائم میں مقابلہ برابر کرنے کا موقع ملا لیکن ان کی لگائی ہوئی لوشوٹ کو اطالوی گول کیپر گینلوگی بفن نے باآسانی کلیئر کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں