ٹرمپ نے بھارتی یوم جمہوریہ میں شرکت سے انکار کردیا

بھارتی وزیراعظم مودی نے ٹرمپ کو 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی پریڈ میں شرکت کی دعوت دی تھی

بھارت نے یوم جمہوریہ پریڈ میں شرکت کے لیے امریکی صدر کو مدعو کیا تھا۔ فوٹو : فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کی دعوت ٹھکرا دی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر خصوصی تقریب میں شرکت کی بھارتی دعوت کو مسترد کردیا ہے۔ ٹرمپ نے مصروفیات کو جواز بنا کر بھارت آنے سے انکار کردیا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے انہیں 26 جنوری کو پریڈ میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

امریکی صدر کے اس فیصلے کی وجہ پہلے سے طے شدہ مصروفیات بتائی جا رہی ہیں تاہم امریکا اور بھارت کے درمیان تعلقات اب پہلے جیسے خوشگوار بھی نہیں رہے ہیں۔


یہ خبر بھی پڑھیں : بھارت کا روس سے دنیا کے خطرناک ترین طیارہ شکن نظام خریدنے کا معاہدہ

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں نیا تناؤ روس اور بھارت کے درمیان دنیا کے سب سے خطرناک طیارہ شکن نظام ایس-400 کا معاہدہ طے پانے کے بعد سامنے آیا۔ایران سے تیل کی خریداری پر بھی بھارت کو امریکا کی ناراضی کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں ہر سال 26 جنوری کو یوم جمہوریہ منایا جاتا ہے، یوم جمہوریہ 26 جنوری 1950 کو بھارت کے پہلے آئین کے نفاذ کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر پریڈ میں عالمی شخصیات کو بھی مدعو کیا جاتا ہے۔
Load Next Story