مجھے کیا کرنا چاہیے اب میرا فیصلہ عوام کریں گے فاروق ستار
رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے عوام میں جانے کا فیصلہ کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم قیادت کی جانب سے شوکاز نوٹس کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار نے نئی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے عوام کے پاس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
فاروق ستار کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کے بعد مجھے کیا کرنا چاہیے اب میرا فیصلہ عوام کریں گے ، بال اب کارکنان اور عوام کی کورٹ میں ہے جب کہ کارکنان اور عوام نے جسے اعتماد کا ووٹ دیا وہی کارکنان کے مسائل کا نجات دہندہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: فاروق ستار کا رابطہ کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے استعفی منظور
فاروق ستار نے حیدر آباد، نواب شاہ، سکھر، میرپور خاص کے دورے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جگہ جگہ عوام میں جاکر فیصلہ لوں گا۔انہوں نے ایم کیو ایم کو نظریاتی بنانے اور لوگوں کو جوڑنے کے لیے آرگنائزیشن ریسٹوریشن کمیٹی کو کام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے ڈاکٹر فاروق ستار کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے اور انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔