مردان نمازجنازہ کے دوران خودکش دھماکارکن صوبائی اسمبلی عمران مہمند سمیت 30 افراد جاں بحق

خودکش حملہ آور کے اعضا مل گئے ہیں جنہیں دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ خودکش بمبار مقامی نہیں بلکہ ازبک باشندہ تھا، پولیس


ویب ڈیسک June 18, 2013
عمران مہمند خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 27 سے آزاد حیثیت سے منتخب ہوئے تھے۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: شیرگڑھ میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں رکن صوبائی اسمبلی عمران مہمند سمیت 30 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔

صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی کے مطابق گزشتہ روز مردان میں قتل کئے جانے والے حاجی عبداللہ نامی ایک شخص کی نماز جنازہ ادا کی جارہی تھی کہ اسی دوران خود کش بمبار نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑالیا، نماز جنازہ میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن عمران مہمند بھی شریک تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں عمران مہمند بھی شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پشاور کے اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے شواہد اکٹھے کرلئے گئے اس کے علاوہ خودکش حملہ آور کے اعضا بھی مل گئے ہیں جنہیں دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ خودکش بمبار مقامی نہیں بلکہ ازبک باشندہ تھا۔

واضح رہے کہ عمران مہمند کو شدت پسندوں کی جانب سے شدید خطرات لاحق تھے، انتخابات کے موقع پر ان کے الیکشن آفس پر بھی دہشتگردی ہوئی تھی، رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد ان کی سیکیورٹی کے لئے سرکاری طور پر دو پولیس اہلکار فراہم کئے تھے اس کے علاوہ انہوں نے نجی گارڈز کی خدمات بھی حاصل کی تھیں۔

صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم نواز شریف ، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور تحریک انصاف کے چIرمین عمران خان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں