سری لنکن لیگآفریدی اوروقارکےخوشگوارتعلقات بحال

کولمبو میں ایک بار پھر گلے شکوے دور کر لیے،تلخیاں ماضی کا حصہ بن چکیں،ذرائع


Saleem Khaliq August 18, 2012
کولمبو میں ایک بار پھر گلے شکوے دور کر لیے،تلخیاں ماضی کا حصہ بن چکیں،ذرائع۔ فوٹو آئن لائن

لاہور: سابق پاکستانی کوچ وقار یونس اور شاہدآفریدی کے درمیان ماضی جیسے خوشگوار تعلقات بحال ہو گئے، سابق پیسر سری لنکن لیگ میں روہونا رائلز کے کوچ اور آل رائونڈر بطور پلیئر شامل ہیں، دونوں نے کولمبو میں ایک بار پھر گلے شکوے دور کیے اور اب تلخیاں ماضی کا حصہ بن چکیں۔ تفصیلات کے مطابق بطور پاکستانی کوچ وقار یونس کے گذشتہ برس دورئہ ویسٹ انڈیز میں کپتان شاہدآفریدی سے سنگین اختلافات ہو گئے تھے،اسی کی بنیاد پر سابق چیئرمین اعجاز بٹ نے آل رائونڈر کو قیادت سے ہٹایا جس پر وہ احتجاجاً مستعفی ہو گئے تھے، وقار یونس نے بھی گذشتہ برس ستمبر میں دورئہ زمبابوے کے بعد خراب صحت کو جواز بناکر کوچنگ چھوڑ دی تھی، بعد میں میڈیا میں دونوں ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی کرتے رہے۔

ذکا اشرف کے چیئرمین بننے کے بعد آفریدی ٹیم میں واپس آ گئے،یو اے ای میں بطور کمنٹیٹر آمد کے موقع پر سابق پیسر اور آفریدی نے ایک دوسرے سے گلے شکوے دورکیے جس سے معاملات میں بہتری ہوئی، اب سری لنکن لیگ میں جب شاہدآفریدی سے فائنلز کیلیے عدم دستیابی کی وجہ سے آئیکون اسٹیٹس واپس لیا گیا تو ان کی ٹیم بھی تبدیل ہو گئی، انھیں راہونا رائلز میں شامل کر لیا گیا جس کے کوچ وقار یونس تھے، بعض حلقوں کا خیال تھا کہ ماضی کے مسائل کی وجہ سے دونوں ایک دوسرے سے اکھڑے اکھڑے سے رہیں گے مگر ایسا نہیں ہے، ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ وقار یونس بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے کولمبو میں خود شاہدآفریدی کے ہوٹل روم میں گئے اور کہا کہ ماضی کی باتوں کو دل میں نہ رکھنا جو ہوا سو ہوا،

ہم دونوں نے ہی غلطیاں کیں اس سے سبق سیکھنا چاہیے،آل رائونڈر نے بھی کوچ سے کہا کہ وہ پہلے ہی ان سے معذرت کر چکے اور انھیں اپنا بڑا بھائی سمجھتے ہیں، ان کیخلاف کوئی بغض دل میں نہیں رکھتے،یاد رہے کئی پاکستانی کرکٹرز کولمبو میں میچز ہونے کی وجہ سے ایک دوسرے سے ملاقاتیں کرتے رہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں