ترک صدر طیب اردگان نے ایسے ایئرپورٹ کا افتتاح کردیا ہے جو 2028 تک دنیا کا سب سے بڑا اور مصروف ایئرپورٹ بن جائے گا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر طیب اردگان نے ترکی کے قیام کی 95 ویں سالگرہ کے موقع پر استنبول کے تیسرے ایئرپورٹ کا افتتاح کر دیا تاہم ایئرپورٹ کا تعمیراتی کام جاری رہے گا اور 2028 تک یہ دنیا کا سب سے بڑا اور مصروف ترین ہوائی اڈہ بن جائے گا۔
اس ایئرپورٹ سے ترک صدر طیب اردگان کو کافی امیدیں وابستہ ہیں اور 12 ارب ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والا ایئرپورٹ ایشیا، یورپ اور افریقی ممالک کو استنبول سے منسلک کردے گا اور عالمی گزرگاہ بن جائے گا جس سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
نئے ایئرپورٹ کے منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں 2021 تک سالانہ نو کروڑ مسافروں کی گنجائش ہوگی جو بڑھتے بڑھتے 2023 تک 15 کروڑ اور پھر 2028 تک 20 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔ اس وقت مصروف ترین ایئرپورٹ اٹلانٹا کا ہے جہاں 10 کروڑ 40 لاکھ مسافروں کی گنجائش ہے۔
اس ایئرپورٹ میں فی الحال چند ہی پروازیں آئیں گی تاہم آئندہ برس سے یہ ایئرپورٹ اتاترک ایئرپورٹ کی جگہ لے گا اور معمول کی پروازوں کی آمد و رفت جاری رہے گی جب کہ اتاترک ایئرپورٹ نجی طور پر کام کرتا رہے گا۔ اس ایئرپورٹ کی تیاری کے دوران مختلف حادثات میں 30 مزدور جاں بحق ہوچکے ہیں۔