راولپنڈی میں جسٹس ر محمود اختر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق

جسٹس (ر) چوہدری محمود اختر کے خاندان میں ایک قتل کا بھی تنازع تھا

حملہ آوروں نے ٹارگٹ کر کے سابق جسٹس کو گولیاں ماریں (فوٹو: فائل)

راولپنڈی کے علاقے مندرہ چکوال روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے جسٹس(ر) محمود اختر کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق جسٹس (ر) محمود اختر فیملی کے ہمراہ اپنے عزیز کے جنازے میں شرکت کے لیے آبائی علاقے جارہے تھے کہ راستے میں نامعلوم مسلح ملزمان نے انہیں گولیوں کا نشانہ بنایا۔


پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے ٹارگٹ کرکے سابق جسٹس کو گولیاں ماریں جب کہ مقتول سابق جسٹس چوہدری محمود اختر کی اہلیہ نے حملہ آوروں کو پتھر مارے جس پر بھاگتے ہوئے ملزمان نے دوبارہ فائرنگ کی جس سے ایک گولی سابق جج کی بھانجی کو لگی جسے زخمی حالت میں مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں سابق جج کی اہلیہ محفوظ رہیں جب کہ ابتدائی شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ جسٹس (ر) چوہدری محمود اختر کے خاندان میں ایک قتل کا بھی تنازع تھا۔
Load Next Story