پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا

کینگروز کو کلین سوئپ کرنے کے بعد گرین شرٹس کی نگاہیں اب کیویز کے شکارپر مرکوز ہیں


Sports Reporter October 31, 2018
کینگروز کو کلین سوئپ کرنے کے بعد گرین شرٹس کی نگاہیں اب کیویز کے شکارپر مرکوز - فوٹو: پی سی بی

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ آج ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا، کینگروز کو کلین سوئپ کرنے کے بعد گرین شرٹس کی نگاہیں اب کیویز کے شکارپر مرکوز ہیں، سرفراز احمد کی قیادت میں مسلسل 10ویں سیریز جیتنے والی پاکستان ٹیم عالمی نمبر ون ہونے کا اعتماد لیے پانچویں پوزیشن کی حامل سائیڈ کے خلاف میدان میں اترے گی، عمدہ فارم کی بدولت رینکنگ میں نمبر ون بابر اعظم کا ساتھ دینے کیلیے صاحبزادہ فرحان موجود ہوں گے۔

انجری کے شکار فخرزمان کی جگہ کینگروز کیخلاف تیسرے میچ میں بھی نوجوان اوپنر نے ہی اننگز کا آغاز کیا تھا، محمد حفیظ بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، آسٹریلیا سے تینوں میچز میں آصف علی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہیں ہوسکے، بیٹے کی پیدائش کے بعد شعیب ملک بدھ کی صبح بھارتی شہر حیدرآباد دکن سے واپس آکر ٹیم کو جوائن کر لیں گے، وہ میچ میں بھی شریک ہوں گے، مڈل آرڈر کا رنز نہ بنانا پاکستان کیلیے باعث تشویش ہے۔

کینگروز کے خلاف اننگز کے آخر میں حسن علی اور فہیم اشرف کی جارحانہ بیٹنگ سے ٹیم بہتر مجموعہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی، تباہ کن بولنگ کے سامنے ٹھہر نہ پانے والی آسٹریلوی ٹیم کے لئے بظاہر آسان نظر آنے والے ہدف بھی مشکل بنتے رہے، تمام میزبان بولرز اچھی فارم میں ہیں، پیس بیٹری میں حسن علی اور فہیم اشرف کیویز کیلیے مشکلات پیدا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں :کیویز کو کمزور حریف سمجھنے کی غلطی نہیں کرسکتے، سرفراز احمد

عالمی رینکنگ میں نمبر2 شاداب خان اور یو اے ای کی کنڈیشنز کا بہترین استعمال کرنے والے اسپنرز عماد وسیم اور محمد حفیظ کی خدمات بھی ٹیم کو حاصل ہیں، پاکستان کو عثمان شنواری اور شاہین آفریدی میں سے کسی ایک کو کھلانے کا اہم فیصلہ بھی کرنا ہے، باقی پلیئنگ الیون برقرار رہے گی، دوسری طرف نیوزی لینڈ کی ٹیم 7ماہ طویل وقفے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہی ہے۔

البتہ کپتان کین ولیمسن، کولن منرو، روس ٹیلر اور ایش سوڈھی آئی پی ایل اور سی پی ایل جیسی لیگز میں شرکت کرکے اپنا لہو گرماتے رہے ہیں، گلین فلپس، کورے اینڈرسن اور مارک چیپمین دبئی میں پاکستان اے کے خلاف میچز کھیل کر کنڈیشنز سے واقف ہو چکے، مہمان ٹیم کو تجربہ کار مارٹن گپٹل کی کمی محسوس ہوگی جو انجری کے سبب دستیاب نہیں ہیں۔

فٹنس مسائل سے دوچار مچل سینٹنر کے عدم موجودگی میں ایش سوڈھی اسپن اٹیک کی کمان سنبھالیں گے، ان کا ساتھ دینے کیلیے ڈیبیو کے منتظر اعجاز پٹیل کو موقع ملے گا، گھر میں بچے کی آمد کے منتظر ٹرینٹ بولٹ رخصت پر ہیں، ایڈم ملن اور ٹم سائوتھی کے ساتھ کورے اینڈرسن پیس کا شعبہ سنبھالیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں