5 سالہ پلان منظور پہلے مرحلے میں 15 سے 20 سرکاری اداروں کی نجکاری کی جائے گی

فہرست آج کابینہ کمیٹی میں پیش ہوگی،ایس ایم ای اورفرسٹ ویمن بینک اولین فہرست میں شامل،اسٹیل ملز،پی آئی اے نجکاری موخر

ملازمین کوبیروزگارنہیں کیاجائیگا،ان اداروں کی پہلے نجکاری ہو گی جن کے ریٹ زیادہ ملیں گے، وزیربرائے نجکاری محمدمیاں سومرو۔ فوٹو: فائل

نجکاری کمیشن بورڈنے 5سالہ نجکاری پلان کی منظوری دیدی اورپہلے مرحلے میں15 سے20 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس منگل کو وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو کی زیرصدارت منعقد ہوا اجلاس میں پانچ سالہ نجکاری پلان کی منظوری دی گئی ہے اس موقع پر وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ ان اداروں کی نجکاری پہلے ہوگی جس کا ریٹ زیادہ ملے گا نجکاری سے ملازمین بے روزگار نہیں ہونگے.

محمد میاں سومرو نے مزید کہا کہ فروخت کیے گئے اداروں کے بقایاجات کی مد میں تین ارب نوے کروڑ روپے اب بھی وصول کیے جانے ہیں اور بقایا جات کی وصولی کیلیے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے جبکہ اس بارے میں جاری ہونیوالے اعلامیہ میں کہا گیاکہ کابینہ کی نجکاری کمیٹی کااجلاس آج ہو گا جس میں نجکاری کمیشن بورڈ کی تجاویز کا جائزہ لیا جائیگا.


اجلاس میں فعال نجکاری پروگرام کی فہرست میں شامل اداروں کے حوالے سے جائزہ لیا گیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز اور پی آئی اے کی نجکاری ایک بار پھر موخر کر دی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں نجکاری کمیشن بورڈ نے پانچ سال کے نجکاری منصوبے کی بھی منظوری دی جس کے تحت حکومت پہلے مرحلے میں حکومت پندرہ سے 20یونٹ فروخت کرے گی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ان یونٹوںکی فہرست کمیشن کی نجکاری کمیٹی کے سامنے پیش کی جائے گی, اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی کمپنیز اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔

 
Load Next Story