ماتلی و بدین میں 4روز سے بجلی بند شہری سراپا احتجاج

سیکڑوں مشتعل افراد نے ٹائروں کو آگ لگا کر ٹنڈوغلام علی روڈ کئی گھنٹے بند رکھا

بدین کے وارڈ نمبر 5 لیبر کالونی میں ڈنڈا بردار خواتین نے بچوں کے ہمراہ پریس کلب کے سامنے مسلسل4 گھنٹے سے زائد دھرنا دے کر احتجاجی مظاہرہ کیا. فوٹو: فائل

ماتلی و بدین میں علانیہ و غیرعلانیہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر شہری سراپا احتجاج، مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے و دھرنے ۔

تفصیلات کے مطابق بجلی کا ٹرانسفارمر جل جانے کے باعث ماتلی شہر کی سلیم کالونی میں 3 روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، جس پر سیکڑوں مشتعل افراد نے ماتلی ٹنڈوغلام علی روڈ پر ٹائروں کو آگ لگا کر ٹریفک معطل کر دی، جبکہ سیکڑوں افراد نے ماتلی واپڈا آفس کے سامنے دھرنا دیا، جس کی وجہ سے ٹریفک معطل ہوگئی، اس موقع پر مختیار خاصخیلی، سلیم کمبوہ، یاسین آرائیں، ولی لاشاری اور دیگر افراد نے بتایا کہ گزشتہ 3 دن سے علاقے میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔بعدازاں حیسکو اہلکاروں کی جانب سے بجلی کی بحالی کی یقن دہانی پر مظاہرین نے دھرنا ختم کر دیا۔




اس کے علاوہ بدین میں بجلی کا ٹرانسفامر جل جانے کے باعث4 روز سے بجلی بند ہے، شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے سے شہری بلبلا اٹھے۔ بدین کے وارڈ نمبر 5 لیبر کالونی میں ڈنڈا بردار خواتین نے بچوں کے ہمراہ پریس کلب کے سامنے مسلسل4 گھنٹے سے زائد دھرنا دے کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انھوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسفارمر تبدیل کرکے شہریوں کو اذیت سے نکالا جائے۔
Load Next Story