نوابشاہ بے نظیر یونیورسٹی کی تعمیر کھٹائی میں پڑنے کا خدشہ

بجٹ ملنے کے باوجود نااہل انتظامیہ جامعہ کی زمین پر بائونڈری وال بھی نہیں بناسکی

بائونڈری وال کے لیے ایک برس قبل بجٹ فراہم کردیا گیا تھا مگر ابھی تک کوئی پروجیکٹ ڈائریکٹر کام کرنے کو تیار نہیں۔

شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی کی تعمیر کھٹائی میں پڑنے کا خدشہ ہے۔ یونیورسٹی کی نااہل انتظامیہ ابھی تک جامعہ کیلیے خریدی گئی زمین پر بائونڈری وال بھی تعمیر نہیں کراسکی۔

بائونڈری وال کے لیے ایک برس قبل بجٹ فراہم کردیا گیا تھا مگر ابھی تک کوئی پروجیکٹ ڈائریکٹر کام کرنے کو تیار نہیں۔ ذرائع کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ نے گزشتہ ماہ پروجیکٹ ڈائریکٹر سمیت دیگر اسامیوں کے لیے اخبارات میں اشتہارات دیے تھے۔




تمام اسامیاں کنٹریکٹ پر تھیں جس کی وجہ سے نہ کوئی پروفیسر انٹرویو دینے آیا اور نہ ہی کوئی پروجیکٹ ڈائریکٹر۔ صرف 2 ریٹائرڈ افراد کو بھرتی کیا گیا جن میں ڈائریکٹر کالجز کے لیے بشیر لنجوانی اور خادم بھٹو کو کنٹرولر ایگزامیشن تقرر کیا گیا ہے، جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ نے دوسری بار بھرتی کیلیے اخبارات میں اشتہارات دیے ہیں۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ موجودہ وائس چانسلر ارشد سلیم کے رویے کے باعث یونیورسٹی میں کوئی آنے کو تیار نہیں اور جو 2 افراد تازہ بھرتی کیے گئے ہیں وہ بھی رویے کے باعث بہت جلد دل شکستہ ہوکر مستعفی ہوجائیں گے، جبکہ یونیورسٹی کی ملازمین کا مستقبل ایک سوالیہ نشان بن کر رہ گیا ہے۔ ملازمین پر کنٹریکٹ کی تلوار ہر وقت لٹکتی رہتی ہے.
Load Next Story