آصف زرداری کی حکومت کوساتھ مل کرکام کرنے کی پیشکش

اگرہم توجہ نہیں دیں گے تومسائل بڑھتے جائیں گے، آصف علی زرداری


ویب ڈیسک October 31, 2018
ہم ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں، زرداری: فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے حکومت کو ساتھ مل کر کام کرنے کی پیشکش کردی۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ کام کرنے کو تیارہیں، 5 سال کے دوران ہم حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے، میاں صاحب کے ساتھ بھی کام کرنے کو تیارتھے بالکل اسی طرح اس حکومت کے ساتھ بھی تیارہیں لیکن شرط یہ ہے کہ جوکام کا پیمانہ ہووہ صرف انصاف پرمبنی ہو۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں، جمہوریت میں کمزوریاں ضرورہیں، سب بیٹھ کرایک حل تجویزکریں جس سے ہم پاکستان کومسائل سے نکال سکیں، اگرہم توجہ نہیں دیں گے تومسائل بڑھتے جائیں گے۔

شریک چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ میں نے سی پیک کا نظریہ سوچا، اگرگوادرپورٹ کونکال دیں تو آگے سی پیک کیا بنتا ہے، پاکستان کی ترقی کا سب سے چھوٹا راستہ سی پیک ہے، ہمیں پاکستان کو مضبوط بنانا ہے لیکن شارٹ ٹرم ٹرانزیشن سے نہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ پانی کا مسئلہ بنیادی طور پر انسانی حقوق کا معاملہ ہے، کراچی کی آبادی 3 کروڑ ہے، جس میں ایک کروڑ بہاری، بنگالی اور خیبر پختونخوا سے آنے والے دوست ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت آئی تو گندم اور چینی درٕآمد کی جارہی تھی، ہم نے سندھ میں دراوڑ ڈیم بنایا، ایک ایکڑ پر تقریباً ایک لاکھ 24 ہزار گیلن پانی ہر فصل کو دیتے ہیں، اگر اتنا پانی فصل کو دیا جاتا ہے تو کتنا پانی بچایا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔