ون ڈے رینکنگ 7 درجے ترقی مصباح ٹاپ 10 میں لوٹ آئے

چیمپئنز ٹرافی میں ناکام محمد حفیظ سے ٹاپ آل راؤنڈر کی پوزیشن چھن گئی


Sports Desk June 19, 2013
چیمپئنز ٹرافی میں ناکام محمد حفیظ سے ٹاپ آل راؤنڈر کی پوزیشن چھن گئی۔ فوٹو: آئی سی سی/گیٹی امیجز/فائل

ون ڈے بیٹسمین رینکنگ میں کپتان مصباح الحق ٹاپ ٹین میں واپس لوٹ آئے، چیمپئنز ٹرافی میں شرمناک کارکردگی پرحفیظ، شعیب ملک، عمران فرحت اور کامران اکمل سب کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔

پروفیسر کی عرفیت سے مشہور حفیظ سے ٹاپ آل راؤنڈر کا اعزاز بھی چھن گیا، پاکستان کو بھی تین پوائنٹس کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اسٹیج کی تکمیل پر تازہ ترین ون ڈے رینکنگ جاری کردی ہے۔ تین میچز میں 173 رنز بنانے والے مصباح الحق کی 7 درجے ترقی کے بعد ٹاپ ٹین میں واپسی ہوئی اور انھوں نے دسویں پوزیشن سنبھال لی ہے، وہ ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں شامل پاکستان کے واحد کھلاڑی ہیں، 8 درجے بہتری نے ناصر جمشید کو 38ویں نمبر پر پہنچا دیا ہے، 4 درجے ترقی سے اسد شفیق اب 62 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔



شعیب ملک 10، کامران اکمل 8 اور عمران فرحت 12 درجے تنزلی کے بعد بالترتیب 86 ویں، 87 ویں اور 89 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ محمد حفیظ کو بیٹنگ، بولنگ اور آل راؤنڈرز تینوں میں تنزلی کا سامنا کرنا پڑا، دو درجے خسارے سے وہ بیٹسمینوں میں 40 ویں، بولرز میں دو درجہ کمی سے چھٹے اور آل راؤنڈرز میں ٹاپ سے دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے اسٹیون فن نے سعید اجمل کی بولرز میں دوسری پوزیشن کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، انھوں نے آف اسپنر کے برابر 729 پوائنٹس تو حاصل کرلیے مگر ابھی تیسرے نمبر پر موجود ہیں، 10 درجے خسارے نے جنید خان کو 47 ویں نمبر پر پہنچا دیا۔

محمد عرفان 8 درجے ترقی پانے میں کامیاب رہے، اب وہ 68 ویں نمبر پر ہیں اسی طرح 9 درجے بہتری نے وہاب ریاض کو بھی 87 ویں نمبر پر پہنچا دیا ہے۔ شعیب ملک کو بولنگ میں 6 درجے خسارے نے 90 ویں پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔ ٹیم رینکنگ میں پاکستان ٹورنامنٹ سے قبل کی چھٹی پوزیشن پر تو موجود ہے مگر اس کو تین پوائنٹس سے محروم ہونا پڑا ہے۔ ٹاپ پر بھارت جبکہ انگلینڈ دودرجے بہتری سے دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ ایک ایک درجہ کمی سے تیسری اور چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، سری لنکا کا پانچواں نمبر ہیں، ساتویں پوزیشن کیلیے نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کا مقابلہ سخت ہے، کیویز کو صرف عشاریائی پوائنٹس کی سبقت حاصل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔