سری لنکن کوچ کرپشن الزامات کی لپیٹ میں آگئے

تین اینٹی کرپشن کوڈ شقوں کی خلاف ورزی کے مرتکب نوان زوئسا معطل۔


Sports Desk November 01, 2018
تین اینٹی کرپشن کوڈ شقوں کی خلاف ورزی کے مرتکب نوان زوئسا معطل۔ فوٹو: فائل

MULTAN: سری لنکا کے فاسٹ بولنگ کوچ نوان زوئسا بھی کرپشن الزامات کی لپیٹ میں آگئے۔

آئی سی سی نے سری لنکن فاسٹ بولر کوچ اور سابق سیمر نوان زوئسا کو اینٹی کرپشن کوڈ کی تین شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے فوری طور پر معطل بھی کردیا ہے۔ ان پر فکسنگ کی کوشش، کسی پلیئر کو غلط سرگرمی پر اکسانے اور آئی سی سی کو تحقیقات کے دوران مکمل معلومات نہ دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

آئی سی سی کے اینٹی کرپشن آفیشلز نے کولمبو میں زوئسا سے پوچھ گچھ کی جہاں وہ پریکٹس سیشن میں مصروف تھے۔ اس طرح وہ سری لنکا کے دوسرے ہائی پروفائل کرکٹر بن گئے جنھیں حالیہ دنوں میں اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے، 2 ہفتے قبل سابق اسٹار کرکٹر سنتھ جے سوریا پر بھی کوڈ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

سابق ہارڈ ہٹر ان الزامات کی تردید کرنے کے ساتھ اپنے وکلا کے ذریعے آئی سی سی کو جواب بھی جمع کرا چکے ہیں۔ نوان زوئسا کے پاس چارجز کا جواب دینے کیلیے اب یکم نومبر سے 14 دن کا وقت ہے،آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ اب اس کی جانب اس حوالے سے مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اینٹی کرپشن چیف الیکس مارشل نے کچھ عرصے قبل اپنے ٹیم ممبران کے ہمراہ سری لنکا کا دورہ کیا تھا، جس میں انھوں نے حکومتی سربراہان کو ملاقات میں کرکٹ کرپشن کے حوالے سے جاری تحقیقات کے بارے میں بریفنگ دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں