ملک کے بیشتر حصوں میں احتجاج کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آج ہونے والے امتحانات ملتوی


ویب ڈیسک November 01, 2018
ناخوشگوار حالات کے باعث سندھ حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کررکھی ہے فوٹو: سوشل میڈیا

آسیہ بی بی کی رہائی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ملک کے بیشتر حصوں میں دوسرے روز بھی احتجاج کیا جارہا ہے۔

گزشتہ روز آسیہ بی بی کی رہائی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہونے والے احتجاج کے باعث ملک کے بیشتر حصوں میں نظام زندگی جزوی طور پر مفلوج ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور جب کہ سندھ حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کررکھی ہے لیکن اس کے باوجود اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر دھرنوں کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

لاہور میں احتجاج کے پیش نظر میٹرو بس سروس بند ہے جب کہ مال روڈ کی طرف جانے والے راستے بھی بند ہیں۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سروس بھی معطل ہے۔ کراچی میں بھی کئی اہم سڑکوں پر دھرنے جاری ہیں جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث عوام دہری مشکلات کا شکار ہیں۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تمام جب کہ سندھ میں نجی تعلیمی ادارے بند رہے۔ پنجاب کے تمام ثانوی تعلیمی بورڈز کے تحت بارہویں جماعت، راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے ضمنی امتحانات، ملتان میں وفاقی تعلیمی بورڈ کے تحت پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحانات ملتوی کردیے گئے، جن کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

سندھ حکومت کی جانب سے تدریسی سرگرمیوں کی معطلی کا باضابطہ اعلان تو نہیں کیا گیا تاہم سرکاری تعلیمی اداروں میں حاضریاں نا ہونے کے برابر رہیں جب کہ صوبے بھر کے نجی تعلیمی ادارے بند رہے۔

خیبر پختونخوا میں بھی تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند رہے تاہم بلوچستان میں تمام نجی و سرکاری تدریسی مراکز کھلے رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔