پاکستان کے پاس 7ویں نمبر سے پیچھا چھڑانے کا موقع

کیویزسے سیریزمیں کلین سوئپ ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں پوزیشن دلا دے گا۔


Sports Desk November 02, 2018
کیویزسے سیریزمیں کلین سوئپ ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں پوزیشن دلا دے گا۔ فوٹو: فائل

پاکستان کو ٹیسٹ رینکنگ میں ساتویں پوزیشن سے پیچھا چھڑانے کا موقع میسر آگیا۔

رواں ماہ ایشیا میں 8 ٹیمیں ٹیسٹ فارمیٹ میں نبرد آزما ہوں گی، بنگلہ دیش، زمبابوے کی 2 ٹیسٹ میچز میں میزبانی کررہا ہے، اتنے ہی میچز وہ ویسٹ انڈیز سے بھی کھیلے گا۔

ادھر سری لنکا تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلیے انگلینڈ کا میزبان بنا ہے،کافی عرصے سے ٹیسٹ رینکنگ میں ساتویں پوزیشن پر براجمان پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف 16 نومبر سے یو اے ای میں تین ٹیسٹ کی سیریز کھیلے گی،اس میں کلین سوئپ اسے آسٹریلیا کی جگہ پانچویں نمبر پر بھی پہنچا سکتا ہے۔

بھارتی ٹیم کی پہلی پوزیشن کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں تاہم اس کے بعد دوسرے نمبر پر موجود جنوبی افریقہ سے ساتویں درجے کی پاکستانی ٹیم کے درمیان 11پوائنٹس کا فرق ہے،رواں ماہ ہونے والی ٹیسٹ کرکٹ کی جنگ کئی ٹیموں کی پوزیشن تبدیل کرنے کا باعث بنے گی۔

گرین کیپس کو کیویز کے خلاف 2-0 یا 1-0 سے فتح چھٹے نمبر پر بھی پہنچا سکتی ہے، مگر اس کیلیے ضروری ہو گا کہ سری لنکا کو انگلینڈ سے مات ہو،اگر موجودہ چھٹی پوزیشن کے حامل آئی لینڈرز انگلش ٹیم کے خلاف کلین سوئپ کریں اور اسی مارجن سے گرین کیپس بھی کامیابی سمیٹیں، تب بھی پانچوں نمبر پر ایک پوائنٹ زیادہ ہونے کی وجہ سے سرفراز الیون کا قبضہ ہوگا۔

اسی سیریز میں کھلاڑیوں کے پاس بھی اپنی پوزیشن بہتر بنانے کا موقع موجود ہے۔ ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں شامل واحد پاکستانی اظہر علی 15 جبکہ بولرز میں محمد عباس تیسرے نمبر پر ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں