22 کروڑ میں سے صرف ساڑھے 6 لاکھ ٹیکس دیتے ہیں اسلام آباد ہائیکورٹ

3 ارب ڈالرمل گئے، بھیک مانگنے آئی ایم ایف کے پاس جارہے ہیں، محکمے عدالتی حکم کے بغیر کام نہیں کرتے، جسٹس محسن


Numainda Express November 02, 2018
گلالئی کانام ای سی ایل سے نکالنے کی پٹیشن پر سیکریٹری داخلہ کونوٹس، برطانوی شہری کی درخواست پر سماعت ملتوی۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی نے آبزرویشن دی ہے کہ ملک میں نہ ایکسپورٹس ہیں نہ امپورٹس ہیں، ہم بھیک مانگنے جا رہے ہیں، 22 کروڑ کی آبادی میں صرف10 لاکھ لوگ ٹیکس نیٹ پر ہیں، ان میں سے بھی ساڑھے 6لاکھ ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔

فاضل جج نے یہ ریمارکس ایک درخواست گزار کی جانب سے ملازمت پر بحالی اور بقایا جات کے حصول کے مقدمے میں دیے ہیں۔ عدالت نے ملازمت پربحالی کے عدالتی حکم پرعملدرآمد پر درخواست نمٹادی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے شاہ اللہ دتہ میں سرکاری اراضی پر تجاوزات کے خلاف کیس میں آبزرویشن دی ہے کہ محکموں نے عجیب عادت بنا لی ہے جب تک عدالت حکم نہیں دے گی کام نہیں کریں گے، جوکام نہیں کرتا اسے کہیں گھرجائے۔

فاضل جج نے کہا ہم نئے ادارے اور نئی فورسز بنا رہے ہیںکام پھر بھی نہیں ہو رہا، جومعاملہ ایک سیشن جج کرلیتا تھا اب وہ ہائی کورٹ بھی نہیںکرپارہی، سیشن کے ساتھ اتنے ٹربیونلز اور اسپیشل کورٹس بن چکی ہیں،کام وہیں کا وہیں ہے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈپٹی کمشنر،اسسٹنٹ کمشنر، سی ڈی اے حکام اور تھانہ ایس ایچ اوگولڑہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔ درخواست گزارکے وکیل نے موقف اپنایاکہ شاہ اللہ دتہ میں تقریباً 3سوکنال اراضی محکمہ اوقاف کی ملکیت ہے، تجاوزات کے باعث آثار قدیمہ اور4 سوسال پرانے مندر متاثر ہو رہے ہیں،سرکاری اراضی پرکاروباری سرگرمیاں عروج پرہیں۔ زمین واگزار کرانا چاہتے ہیں، عدالت انتظامیہ کو تعاون کے لیے حکم دے۔ سی ڈی اے عدالت ٹاسک فورس بنانے کا حکم جاری کرے۔ عدالت نے مزید سماعت 5 دسمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔

جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس میاںگل حسن اورنگزیب پر مشتمل بینچ نے برطانوی شہری ڈین انڈرسن کی ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخوادست میں قراردیا ہے کہ درخواست گزارکے غیرملکی ہونے کی وجہ سے عدالت ای سی ایل سے نام نہ نکالنے کا حکم دے چکی ہے۔ عدالت نے مزید سماعت دس رو کے لیے ملتوی کردی، واضح رہے کہ ڈین انڈرسن2011 سے پاکستان میںکاروبارسے وابستہ رہا ہے۔

اسلام آبادہائیکورٹ نے پشتون تحفظ موومنٹ کی کارکن اورسوشل ایکٹوسٹ گلالئی اسماعیل کانام ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست میں سیکریٹری داخلہ کو آئندہ سماعت پر ذاتی طور پر یا نمائندے کے ذریعے پیش ہونے کا حکم دیا ہے، درخواست گزارکے وکیل نے موقف اپنایا کہ میری موکلہ نے بیرون ملک جانا ہے،کیس آئندہ سماعت کے لیے جلد مقرر کیا جائے۔

عدالت نے استدعا منظورکرتے ہوئے فریقین کوآئندہ سماعت سے قبل جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 5نومبر تک ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں