چین میں خاتون مسافر کے جھگڑے نے 15 افراد کی جان لے لی

خاتون مسافر کا اسٹاپ نکل جانے پر ڈرائیور سے جھگڑے کے دوران بس بے قابو ہو کر پل سے نیچے گرگئی

خاتون مسافر کا اسٹاپ نکل جانے پر ڈرائیور سے جھگڑے کے دوران بس بے قابو ہو کر پل سے نیچے گرگئی۔ فوٹو : فائل

چین میں خاتون مسافر اور ڈرائیور کے درمیان چلتی گاڑی میں جھگڑے سے بس بے قابو ہو کر پُل سے دریا میں جا گری جس کے نتیجے میں 15 مسافر ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں مسافر بس پل سے نیچے گر کر 230 فٹ گہرے دریا ' ینگٹزی' میں ڈوب گئی جس کے نتیجے میں بس میں سوار 15 مسافر ہلاک ہوگئے۔ 13 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ دو تاحال لاپتہ ہیں۔


ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے مسافروں کی لاشوں کو دریا سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا جہاں میتوں کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے مسافروں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بس میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز سے پتہ چلا ہے کہ حادثہ 48 سالہ خاتون مسافر کی وجہ سے پیش آیا جو اپنا اسٹاپ نکل جانے پر ڈرائیور سے بحث کررہی تھی اور مسلسل اپنا موبائل فون ڈرائیور کے سر پر مار رہی تھی۔

ڈرائیور خاتون مسافر کے حملے سے بچنے کی کوشش میں بس پر قابو کھو بیٹھا اور بس پل کی حفاظتی ریلنگ کو توڑتے ہوئے دریا میں گر گئی۔ قبل ازیں خیال کیا جا رہا تھا کہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔
Load Next Story