مظاہرے اور دھرنوں کے باعث ملک بھر میں نظام زندگی مفلوج

کشیدہ حالات کے پیش نظر ٹرینیں اور درجنوں اندرون و بین الاقوامی پروازیں منسوخ کردی گئیں


ویب ڈیسک November 02, 2018
اہم شاہراہیں بند ہونے سے شہروں میں غذا کی قلت کا خدشہ ہے (فوٹو: فائل)

مذہبی جماعتوں کی جانب سے ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا اور اندرون و بیرون ملک زمینی و فضائی راستے معطل ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مذہبی جماعتوں کے مظاہروں اور دھرنوں کے باعث ملک بھر میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں، ٹرینیں بھی گھنٹوں تاخیر کا شکار ہورہی ہیں اور سپلائی نہ ہونے سے کھانے پینے کی اشیا کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور کو دیگر شہروں سے ملانے والی سڑکیں بشمول موٹروے اور جی ٹی روڈ بند ہونے کے باعث دیگر شہروں کا آپس میں رابطہ منقطع ہوگیا ہے، کراچی کی 30 مرکزی شاہراہیں بند ہونے سے واٹر ٹینکر سے پانی کی سپلائی متاثر ہوگئی ہے اور متعدد علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہورہی ہے۔ موٹروے ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹروے لاہور، اسلام آباد، پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد اور گوجرہ سے بند ہے۔

ریلوے ترجمان کے مطابق کراچی سے پشاور جانے والی عوام ایکسپریس، کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس، کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس، کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس اور کراچی سے لاہور جانے والی متعدد ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب کشیدہ حالات کے پیش نظر اندرون اور بیرون ملک پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں، نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے متعدد پروازیں منسوخ ہونے کے باعث مسافر شدید پریشان ہیں۔ سول ایوی ایشن کے مطابق پی آئی اے اور نجی ایئرلائنز کی 12 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

ایوی ایشن کے مطابق اسلام آباد سے دمام اور ریاض جانے والی نجی ایئرلائنز کی پروازیں، اسلام آباد سے کراچی جانے والی پی کے 373 اور گلگت جانے والی پی کے 605، کراچی اور مدینہ جانے والی نجی ایئر لائنز کی پروازیں، علامہ اقبال ایئرپورٹ سے کراچی، اسلام آباد، ملتان ریجن، رحیم یار خان، دوبئی، شارجہ، جدہ، کوالالمپور اور ابوظبی جانے والی پروازیں منسوخ جب کہ پی آئی اے ایئر بلیو، سیرین امارات اتحاد ترکش، ائیر کی آٹھ پروازیں دو سے تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق بیشتر پروازوں کے مسافر ٹکٹ منسوخ کروا کر پیسے ری فنڈ کروارہے ہیں، پروازوں پر ڈیوٹی دینے والے کپتانوں اور عملے کو بھی ائیر پورٹ پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے، حالات کے پیش نظر مسافروں کو ائیر پورٹ پہنچنے کے رپورٹنگ ٹائم کو بڑھا دیاگیا ہے، معمول کے حالات میں بین الاقوامی فلائٹ پر 3گھنٹے جبکہ ڈومسٹیک پر 2گھنٹے بلوایا جاتا تھا اور موجودہ صورتحال میں بین الاقوامی پرواز پر 5گھنٹے جبکہ ڈومیسٹک پر 3گھنٹے پہلے بلوایا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں