ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کو بہتری پانے کا موقع میسر

کیویز کیخلاف کلین سوئپ درکار، بیٹنگ میں بابر ترقی ملنے پر پانچویں پوزیشن پر براجمان


Sports Desk November 03, 2018
کیویز کیخلاف کلین سوئپ درکار، بیٹنگ میں بابر ترقی ملنے پر پانچویں پوزیشن پر براجمان۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پاکستان کو ون ڈے رینکنگ میں بہتری پانے کا موقع میسر آ گیا۔

آئی سی سی ون ڈے سیریز میں آنے والے دنوں میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، پاکستان اور نیوزی لینڈ کی پوزیشنز میں تبدیلی رونما ہوسکتی ہے، آسٹریلوی ٹیم پروٹیز کی میزبانی کرنے جارہی ہے جبکہ کیویز یواے ای میں پاکستان کے مہمان بن رہے ہیں، سردست نیوزی لینڈ تیسرے، جنوبی افریقہ چوتھے، پاکستان پانچویں اور آسٹریلیا چھٹے نمبروں پر ہیں، چاروں ٹیموں کے درمیان 12 پوائنٹس کا ہیرپھیر ہے۔

پاکستان کے پوائنٹس 101 جبکہ کیویز کے 112 ہیں، اگر پاکستان تین میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کرپایا تو اسکے پوائنٹس بڑھ کر 105 اور کیویز کے کم ہوکر108 رہ جائیں گے، 2-1 سے کامیابی پر پاکستان کے 103 اور کیویز کے 110 رہیں گے، اس کے برعکس اسی مارجن سے کیویز کے کامیاب ہونے پر 113 اور پاکستان 101 پر آجائیں گے، کیویز کے کلین سوئپ کرجانے پر پاکستان کے 99 اور فاتح الیون کے 115 پوائنٹس ہوسکتے ہیں۔

انگلینڈ پہلے اور بھارت دوسرے نمبروں پر ہیں، بیٹنگ میں کوہلی پہلے ، روہت دوسرے اور روٹ بدستور تیسرے نمبروں پر ہیں،ایک درجے ترقی نے پاکستانی اوپنر بابراعظم کو پانچویں پوزیشن کا حقدار بنوادیا، فخرزمان2 درجے ترقی پاکر17ویں پوزیشن پر براجمان ہوگئے، شائی ہوپ نے 22 درجے ترقی ملنے پر 25 جبکہ شمرون ہٹمائر نے 31 درجے کی چھلانگ لگاکر26 ویں نمبر پر جگہ بنالی۔

بولنگ میں بھارتی پیسر بمرا پہلے، افغان اسپنر راشد خان دوسرے اور کلدیپ یادیو تیسرے نمبر پر موجود رہے، پاکستانی پیسر حسن علی 2 درجے تنزلی کے بعد 10ویں نمبر پر رہے، محمد عامراور جنید خان مشترکہ طور پر 27ویں نمبر پر رہے، دونوں کو یکساں طور پر 4،4 درجے بہتری ملی، ٹاپ فائیو آل رائونڈرز میں راشد خان، محمد نبی، شکیب ، مچل سینٹنر اور محمد حفیظ شامل ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں