زمین پر قبضوں میں کے ڈی اے و دیگر اداروں کی معاونت کا انکشاف

ہل پارک کے قریب42پلاٹوں،3ریسٹورنٹس،سینماکی غیرقانونی الاٹمنٹ کی گئی،سپریم کورٹ میں میونسپل کمشنرکی رپورٹ جمع


Staff Reporter November 03, 2018
عزیز بھٹی پارک میں کسٹمز کلب اور شادی ہال غیرقانونی الاٹ کیے گئے، بلف پارک، اولڈ کلفٹن پر پوری نیلم کالونی بنادی گئی۔ فوٹو: انٹرنیٹ

سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں قبضوں اور غیر قانونی الاٹمنٹ میں کے ڈی اے و دیگر اداروں کی معاونت کا انکشاف کیاگیا ہے۔

کراچی کے بڑے پارکوں پر قبضوں سے متعلق میونسپل کمشنر سیف الرحمن اور دیگرافسران کی جانب سے قبضوں اور غیر قانونی الاٹمنٹ کے حوالے سے کے ڈی اے اور و دیگر اداروں کی معاونت کے تناظر میں جمع کرائی گئی اعترافی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کے ڈی اے نے ہل پارک کے نشیب میں 42 رہائشی پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی ہے، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی نے ہل پارک کے نشیب میں7 پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کی اور ہل پارک میں 3 نجی ریسٹورنٹس، نجی سینما کی الاٹمنٹ بھی غیر قانونی ہیں۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی نے جھیل پارک کی6 ایکٹر اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی، عزیز بھٹی پارک میں غیر قانونی کینٹین بنانے کی اجازت دی،کینٹین کو غیر قانونی طور پر 3منزلہ شادی ہال میں تبدیل کرنے کے بعد تعمیر کی اجازت دی گئی۔

عزیز بھٹی پارک میں کسٹمزکلب اور شادی ہال بھی غیر قانونی الاٹ کیے گئے،برنس گارڈن پر محکمہ سیاحت نے 30 سے 40 فیصد رقبے پر قبضہ کر رکھا ہے۔

رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ بلف پارک، اولڈ کلفٹن پر پوری نیلم کالونی بنا دی گئی، کڈنی ہل پارک کے 80 فیصد رقبے پر لینڈ مافیا،واٹر بورڈ اورکے ای سی ایچ ایس سوسائٹی کا قبضہ ہے، نیشنل پارک کی اراضی پر مختلف سوسائٹیوں کا قبضہ ہے۔

خیال رہے کہ کراچی کے بڑے پارکوں پر قبضوں سے متعلق میونسپل کمشنر سیف الرحمن اور دیگرافسران نے رپورٹ جمع کرائی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں