ذائقے دار دودھ کے نام پر بننے والے ڈیری ڈرنکس پر پابندی عائد

مصنوعی ڈرنک دودھ کا متبادل نہیں ہوتا، پابندی کا اطلاق فلیورڈ ڈیری ڈرنک (ذائقے دار دودھ) کی تمام مصنوعات پر ہوگا۔


Numainda Express November 03, 2018
اسٹور اور فروخت کرنے پر پابندی ہو گی، ڈی جی فوڈ اتھارٹی۔ فوٹو: فائل

''دودھ دودھ ہوتا ہے اور مصنوعی ڈرنک اس کا متبادل نہیں ہوتا'' کے حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ذائقے دار دودھ کے نام پر بننے والے ڈیری ڈرنکس پر مکمل پابندی عائد کر دی تاہم پابندی کا اطلاق فلیورڈ ڈیری ڈرنک (ذائقے دار دودھ) کی تمام مصنوعات پر ہو گا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) عثمان نے بتایا کہ کمپنیوں کو گزشتہ اسٹاک 5دسمبر تک ختم کرنے کی ڈیڈ لائن جاری کر دی گئی ہے، پابندی سائنٹیفک پینل کی مکمل تحقیق کے بعد عائد کی گئی ہے، فلیورڈ ملک کے نام پر فروخت ہونے والے ڈیری ڈرنکس کو بچے دودھ سمجھ کر پیتے ہیں۔

کیپٹن (ر) عثمان نے کہا کہ ڈیری ڈرنکس میں استعمال ہونے والے دودھ میں سے غذائیت والے اجزا نکال لیے جاتے ہیں، ڈیری ڈرنکس دودھ سے صحت مند فیٹ اور کریم نکالنے کے بعد مصنوعی اجزا شامل کر کے بنائے جاتے ہیں، ڈیری ڈرنکس کو دودھ کہہ کر بیچنا سراسر دھوکا دہی ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ 5دسمبر 2018 کے بعد ڈیری ڈرنک بنانے، اسٹور اور فروخت کرنے پر مکمل پابندی ہو گی۔ لاہور بزنس ایڈجسٹمنٹ ٹائم کے بعد ہدایات پر عمل نہ کرنے والی پروڈکٹس موقع پر ضائع کر دی جائیں گی، پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2011 کے تحت تمام کمپنیوں کو ہدایت نامہ جاری کیا جا چکا ہے، عوام سے گزارش ہے کہ بچوں کو مصنوعی اور بازاری اشیا کم سے کم استعمال کرائیں، گھر کی بنی ہوئی اشیا ہی بہترین خوراک ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں